(ویب ڈیسک )رنبیر کپور نےحال ہی میں سعودی عرب میں ہونے والے ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں شرکت کی ، فیسٹیول کے دوران ’اِن کَنورسیشن سیشن‘ میں اپنی فلم ’شمشیرا‘ کی ناکامی سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ شمشیرا میرے کیریئر کی سب سے مشکل فلم تھی، اس کی ناکامی میرے لیے تو کیا پوری ٹیم کے لیے دھچکا تھی۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ میں نے اس فلم میں شدید گرمی میں جو مصنوعی داڑھی پہنی تھی وہی شاید میری غلطی تھی کیوں کہ سخت گرمی میں شوٹنگ کرنا داڑھی کا چپک جانا ایسا تھا جیسے چہرہ پگھل رہا ہو۔رنبیر کپور نے اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ اُن کے خیال میں شدید گرمی میں داڑھی لگا کر فلم کی عکس بندی کرنا اُن کی فلم کی ناکامی کا سبب بنی اور یہ اُن کی سب سے بڑی غلطی تھی۔
حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلموں کی خراب کارکردگی سے متعلق بات کرتے ہوئے رنبیر کا کہنا تھا کہ ایسا لگ رہا ہے کہ سنیما میں جا کر فلم دیکھنے کا کلچر دم توڑ رہا ہے اور ایسا خصوصی طور پر زیادہ ٹکٹ والی فلموں کے ساتھ ہو رہا ہے۔یاد رہے کہ فلم ’شمشیرا‘ کی ریلیز میں مختلف وجوہات کی بنا پر کافی تاخیر ہو گئی تھی اور وہ توقعات پر پورا نہیں اُتر سکی۔
فلم شمشیرا میں رنبیر کپور نے پہلی بار ڈبل رول ادا کیا تھا، فلم کی پرموشنز بھی زوروں سے کی گئی تھی مگر یہ فلم باکس آفس پر بھرپور بزنس نہ کر سکی۔بھارتی چاکلیٹی ہیرو، اداکار رنبیر کپور نے اپنی فلم ’شمشیرا‘ کے ناکام ہونے کی وجہ خود کو ٹھہرا دیا ہے۔