معاشرے میں مہربان اور شفیق مردوں کی کمی ہے , عروہ حسین
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)پاکستانی معروف اداکارہ عروہ حسین نے معاشرے میں مہربان اور شفیق مردوں کی کمی پر اظہارِ مایوسی اور دیگر خواتین کے حق میں ایسے مردوں کے ساتھ کی دعا کی ہے جن کے ارد گرد وہ پروان چڑھ سکیں اور ترقی کی منازل طے کر سکیں۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر اداکارہ نے اسٹوری میں ماہرِ تعلیم ساحل عدیم کا سوشل میڈیا پر وائرل ایک کلپ شیئر کیا ہے،اداکارہ کی شیئر کی گئی سٹوری میں ساحل عدیم اپنے والد اور معروف شاعر عدیم ہاشمی کا ایک قصہ سنا رہے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ میرے مرحوم والد نے کبھی والدہ سے اُونچی آواز میں بات نہیں کی سوائے ایک بار کے اور اس پر بھی انہوں نے سب کے سامنے والدہ سے معافی مانگی۔
عروہ حسین نے انسٹا سٹوری کے کیپشن میں عدیم ہاشمی کی مثال دیتے ہوئے لکھا ہے کہ آج ہمارے معاشرے میں ایسے مہربان اور شفیق مردوں کی کمی ہے لیکن خواہش ہے کہ ایک دن ہمارے ارد گرد ایسے مردوں میں اضافہ ہو۔
انہوں نے اظہارِ تشکر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ میں خوش قسمت ہوں کہ میری زندگی میں آنے والے تمام مردوں (باپ، بھائی، شوہر) کی مہربانی اور شفقت مجھے میری عزت اور اہمیت کا احساس دلاتی ہے۔
انہوں نے دیگر خواتین کے حق میں دعا کرتے ہوئے یہ بھی لکھا ہے کہ میری خواہش ہے کہ تمام خواتین کا زندگی میں اسی قسم کے مردوں سے واسطہ پڑے تاکہ ہمارے پاس بھی ہمارے باپ، بھائی، شوہر یا بیٹے سے متعلق اس طرح کے قصے ہوں جو ہم دوسروں کو سنا سکیں، ان کے آس پاس ہم خود کو محفوظ محسوس کریں، جو ہماری عزت کریں اور جن کی موجودگی میں خواتین پروان چڑھ سکیں اور ترقی کر سکیں۔