ایئر پورٹ بند،اڑھائی سو پاکستانی زائرین شام میں پھنس گئے 

دمشق کے سیدہ زینب علاقے میں ہوائی فائرنگ سے زائرین میں خوف و ہراس پھیل گیا

Dec 08, 2024 | 15:33:PM

(ویب ڈیسک)باغی ملیشیا حیات التحریر الشام کے شام پر قبضے کے باعث سیکڑوں پاکستانی زائرین شام میں پھنس گئے۔

شام میں تقریباً 250 پاکستانی زائرین موجود ہیں،کنٹری ہیڈ شام ونگز طارق سمیع اللّٰہ کا کہنا ہے کہ باغیوں نے ایئر پورٹ بند کر دیا ہے، ہماری آج لاہور کے لیے فلائٹ منسوخ ہوئی ہے،11 دسمبر کی کراچی کے لیے فلائٹ بھی کینسل کر دی گئی ہے۔

زائرین کا کہنا ہے کہ شام ونگز کے تحت ایئر لائنز کا آج کا شیڈول واضح نہیں ہے، دمشق کے سیدہ زینب علاقے میں ہوائی فائرنگ سے زائرین میں خوف و ہراس پھیل گیاہے۔

واضح رہے کہ شام کے باغیوں نے دمشق پرقبضے اور صدر بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے کا اعلان کر دیا ہے،شامی باغیوں نے دمشق پر قبضے اور صدر بشار الاسد کا تختہ الٹنے کے بعد سرکاری ٹی وی پر پہلا خطاب کیا جس میں آزاد شام کی خود مختاری اور سالمیت کی یقین دہانی کرائی۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر میں احتجاج رنگ لے آیا،حکومت نےصدارتی آرڈیننس واپس لے لیا

شامی باغیوں کاکہناہے کہ شام میں سیاہ دور کا خاتمہ کرنے کے بعد نیا عہد شروع ہونے جارہا ہے، شام کی تمام سرکاری، غیر سرکاری املاک اور تنصیبات کا تحفظ کیا جائے گا اور جیلوں سے تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کردیا جائیگا۔

 

 

مزیدخبریں