بانی پی ٹی آئی کی زندگی کو خطرہ، گنڈا پور مولا جٹ کی سیاست کر رہے ہیں: فیصل واوڈا

Dec 08, 2024 | 15:58:PM
 بانی پی ٹی آئی کی زندگی کو خطرہ، گنڈا پور مولا جٹ کی سیاست کر رہے ہیں: فیصل واوڈا
کیپشن: فیصل واوڈا میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی زندگی کو خطرہ، وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور مولا جٹ کی سیاست کر رہے ہیں، کراچی میں ایم کیو ایم کے مرکز بہادرآباد آکر چیئرمین ایم کیو ایم ڈاکٹر خالد مقبول سے ملاقات کےبعد فیصل واؤڈا، خالد مقبول اور مصطفیٰ کمال نے میڈیا سے گفتگو کی۔

 گفتگو کرتے ہوئے فیصل واؤڈا نے کہا کہ تمام سیاسی پارٹیوں کے پاس جانے کا مقصد نیشنل کاز ہے، میں یہاں کسی مطلب سے نہیں آیا ہوں، میں دوستی اور دشمنی کھل کر نبھاتا ہوں۔فیصل واؤڈا نے کہا کہ پاکستان کی معیشت میں سب کا کردار اہم ہے، میں اور مصطفیٰ کمال پیار سے بھی بات کرتے ہیں اور ہاتھ مروڑ کر بھی کام کروا سکتے ہیں، میں نے بلاول صاحب کو بتایا تمام سیاسی جماعتوں کا مینڈیٹ تسلیم کرنا ہوگا،انہوں نے کہا کہ روز دھرنا اور احتجاج پاکستان برداشت نہیں کرسکتا، بانی پی ٹی آئی کی زندگی کو خطرات ہیں، ان کی جان پر سیاست کرنے کی کوشش کی جارہی ہے،انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی بیوی اور قیادت اس پر کام کر رہے ہیں، وزیراعلیٰ کے پی مولا جٹ کی سیاست کر رہے ہیں۔

اس موقع پر مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہمارے دوست فیصل واؤڈا ہمارے مرکز آئے ہیں، انہوں نے ایم کیو ایم سے میٹنگ کی ہے، ان کا تعلق اس شہر سے ہے، یہ ون مین آرمی ہیں۔مصطفیٰ کمال نے کہا کہ یہ ہر طرف چھائے ہوئے ہیں اور اس بات پر ہم فخر کرتے ہیں، ہم نے دیکھا ہے فیصل واؤڈا تمام پارٹیوں کے پاس گئے ہیں اور آج یہ ایم کیو ایم کے پاس آئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم ایک طاقت اور ایک جماعت ہے، ہمیں ہمارا شیئر نہیں دیا جارہا ہے، کوئی کامن ایجنڈا ہونا چاہیے، فیصل واؤڈا سب کو یکجا کرنے کا کام اکیلے کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج یہ ہمارے پاس آئے ہیں ہم نے ان کی بات کی تائید کی ہے، اب تمام سیاسی جماعتوں کو پاکستان کو چلانے کیلئے کچھ پوائنٹس پر متفق ہونا چاہیے، اس ایجنڈے پر کوئی سیاست نہیں ہونی چاہیے۔