کسی سے بیک ڈور رابطے نہیں ،ہمیں سیاست میں نہ گھسیٹا جائے،پاک فوج

Feb 08, 2021 | 12:35:PM
  کسی سے بیک ڈور رابطے نہیں ،ہمیں سیاست میں نہ گھسیٹا جائے،پاک فوج
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)پاک فوج کے ترجمان اورڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہےکہ فوج کو سیاست میں مت گھسیٹیں، ہمارے کسی سے کوئی بیک ڈور رابطے نہیں ہورہے، ثبوت ہیں تو سامنےلائیں ورنہ اس قسم کی قیاس آرائیاں بند ہونی چا ہیئں۔

 پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار نے نجی چینل پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ڈی ایم سے متعلق کچھ چہ میگوئیاں کی جارہی ہیں، لیکن ہماری جانب سے کسی سے کوئی بیک ڈور رابطے نہیں کئے جارہے ہیں۔پی ڈی ایم کے حوالے سے قیاس آرائیاں بے بنیاد ہیں۔میں پھر کہتا ہوں فوج کو سیاست میں مت گھسٹیں، بغیر تحقیق کے الزام لگانا ٹھیک نہیں ، اگر اس متعلق کوئی ثبوت ہیں تو سامنےلائیں ورنہ اس قسم کی قیاس آرائیاں بند ہونی چا ہیے۔ہم اپنے کاموں میں مصروف ہیں۔ ہمارے لئے سکیورٹی بڑا فریضہ ہے جو سرانجام دے رہے ہیں۔

   ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دنیا کے سامنے ایک ڈوزیئر رکھا، بھارت دنیا بھر میں بے نقاب ہوچکا، ڈس انفولیب سے متعلق متعدد انکشافات سامنے آئے، بھارت نے پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی، بھارت کا خطے میں منفی کردار ہے۔ہندوستان دنیا میں بہت حد تک بے نقاب ہو چکا ہے اس حوالے سے پچھلی پریس کانفرنس میں بہت سے شواہد سامنے رکھے۔

انہوں نے کہا کہ علی سد پارہ قومی ہیرو اور اثاثہ ہیں، ہماری دعا ہے علی سدپارہ خیریت سے ہوں، کوہ پیماوں کی تلاش کیلئے تگ ودو کی جا رہی ہے، کوہ پیماوں کی تلاش کیلئے تمام تر کوششیں کر رہے ہیں، سرچ آپریشن میں کوئی کمی نہیں ہوگی، خراب موسم کے باوجود مسلسل سرچ آپریشن کر رہے ہیں۔

کورونا وائرس سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے میجر جنرل بابر افتخار نےکہا کہ سب کو معلوم ہےکورونا سے پوری دنیا متاثر ہوئی، پاکستانی قوم نے کورونا کا کامیابی سے مقابلہ کیا اور ہیلتھ کیئر ورکرز نے کورونا سے مقابلے میں قوم کی بھرپورمدد کی۔ فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز سب سے زیادہ ویکسین کے حقدار ہیں۔انہوں نے پیپلز لبریشن آرمی کی جانب سے پاکستان کی مسلح افواج کے لئے ویکسین عطیہ کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نے اپنی راویات کو برقرار رکھتے ہوئے یہ ویکیسین فرنٹ لائن ورکرز کے لئے قومی ویکسین مہم کو بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔