(24نیوز) پاکستان بار کونسل نے الیکشن ترمیمی آرڈیننس 2021 کو بدنیتی پر مبنی قرار دے دیا۔
پاکستان بار کونسل نے حکومت سے آرڈیننس فوری واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہےکہ سینٹ انتخابات اوپن بیلٹ سے کرانے کے آرڈیننس کی مذمت کرتے ہیں۔ حکومت نے سینٹ انتخابات پر رائے کے لئے سپریم کورٹ سے رجوع کر رکھا ہے لیکن حکومت نے عدالت کےفیصلے کا انتظارکئے بغیر جلد بازی میں آرڈیننس پاس کیا۔ حکومت نے آرڈیننس کے ذریعے تمام قانونی ضوابط اور اخلاقیات کی دھجیاں بکھیردیں۔پاکستان بار کونسل کا کہنا ہےکہ حکومت نے آنے والے سینٹ الیکشنز میں ہیر پھیر کرنے کی کوشش کی، جمہوری، آئینی اور اخلاقی اقدار کی خلاف ورزی کی گئی ہے جبکہ حکومت نے عدلیہ کی آزادی اور پارلیمان کے وقار کو سبوتاژ کیا۔پاکستان بار کونسل نے صدارتی ریفرنس کو آئین کے آرٹیکل 226 کے ساتھ متصادم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آرڈیننس سپریم کورٹ پر اثرانداز ہونے کی کوشش ہے۔