ایران ایٹمی شرائط پوری کرے ورنہ پابندیاں ختم نہیں ہونگی،امریکی صدر

Feb 08, 2021 | 18:09:PM

(24نیوز)امریکی صدر جو بائیڈن نے اس امر کی تصدیق کی ہے کہ ایران جب تک جوہری معاہدے کی شرائط کی پابندی نہیں کرتا ہے اس وقت تک اس کے خلاف عائد پابندیاں ختم نہیں کی جائیں گی۔ 
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق انہوں نے گزشتہ روز ٹیلی ویڑن نیٹ ورک سی بی ایس کے ساتھ ایک انٹرویو میں امریکا کے ایران کو مذاکرات کی میز پر واپس لانے پر آمادہ کرنے کی غرض سے اس کے خلاف پہلے پابندیاں ختم کرنے کے سوال کا واضح انداز میں انکار میں جواب دیا۔ ان سے پوچھا گیا کہ اگر ایران پہلے یورینیم کی افزودگی روک دیتا ہے تو کیا وہ پابندیاں ہٹا دیں گے جس پر امریکی صدر جو بائیڈن نے مثبت میں جواب دیا۔ 
سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے 2018 میں امریکا کو2015 کے جوہری معاہدے سے الگ کرلینے کے بعد سے ایران نے جوہری معاہدے کی پاسداری ختم کردی تھی۔ دوسری جانب امریکہ نے ایران پر دوبارہ پابندیاں عائد کردی تھیں۔ ایران نے جوہری معاہدے کے مطابق صرف 3.76 فیصد یورینیم افرودہ کرنے کی حد کو توڑتے ہوئے جنوری میں 20 فیصد یورینیم افزودہ کرنا شروع کر دیا تھا۔ نومنتخب امریکی صدر جوبائیڈن نے گزشتہ ماہ صدر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد امریکا اور ایران دونوں نے 2015 کے جوہری معاہدے کو بحال کرنے میں دلچسپی ظاہر کی تھی تاہم دونوںممالک اپنی اپنی شرائط پر زور دے رہے ہیں۔

مزیدخبریں