(24 نیوز)پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹر مولا بخش چانڈیو کا کہنا ہے کہ سندھ میں کل عمران مخالف ریفرنڈم ہو گا، حیدرآباد اپنی خوبصورت ہواﺅں کیساتھ پی ڈی ایم کی قیادت کو خوش آمدید کہے گا۔
تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹر مولابخش چانڈیو کا کہنا ہے کہ حقیقی جمہوریت کی بحالی کی تحریک اپنی منزل کی طرف گامزن ہے ۔اداروں کی سیاست سے دوری ملک اور جمہوریت کے روشن مستقبل کیلئے خوش آئند ثابت ہوگی ۔ اداروں کا غیر جانبدار رہنا ملک اور بذات خود اداروں کے وقار میں اضافہ کرے گا ۔ پی ڈی ایم کی تحریک ایسے جمہوری پاکستان کیلئے ہے جس میں پارلیمنٹ بالادست اور ادارے آئین کے تابع رہیں۔
انہوں نے کہا کہ کل حیدرآباد کا جلسہ نااہل ، نالائق اور کٹھ پتلی راج کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا ۔حیدرآباد میں جلسہ کل ہے مگر ایک ہفتے سے پورا شہر جلسہ گاہ بنا ہوا ہے۔ شہر کے ہر کونے ، گلی میں عمران خان کے خلاف کیمپ لگے ہیں ۔ چیئرمن بلاول بھٹو زرداری کی میزبانی میں سندھ میں کل ایک اور عمران مخالف ریفرنڈم ہوگا ۔ حیدرآباد اپنی خوبصورت ہواﺅں کے ساتھ پی ڈی ایم کیو قیادت کا خوش آمدید کہے گا۔