ترجمان پاک فوج کا بیان آئین اور قانون کے عین مطابق ہے،شاہ محمود قریشی

Feb 08, 2021 | 19:45:PM
 ترجمان پاک فوج کا بیان آئین اور قانون کے عین مطابق ہے،شاہ محمود قریشی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کا بیان آئین اور قانون کے عین مطابق ہے،کچھ بیرونی قوتیں افغانستان کی سرزمین کو استعمال کر کے پاکستان میں دہشت گردی کی پشت پناہی کر رہی ہیں۔
پیر کو پی ڈی ایم کی احتجاجی سیاست کے حوالہ سے اہم بیان میں وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کا بیان آئین اور قانون کے عین مطابق ہے،وہ واضح کر چکے ہیں کہ پاک فوج اپنا آئینی کردار ادا کر رہی ہیں، وہ درست کہہ رہے ہیں کہ ان کی ذمہ داریوں میں بے پناہ اضافہ ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 14 نومبر 2020 کو ہم نے دنیا کے سامنے جو ڈوزئیر رکھا اس میں ان قوتوں کے حوالے سے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں جو پاکستان کو عدم استحکام سے دو چار کرنا چاہتی ہیں۔کچھ بیرونی قوتیں ایسی ہیں جو افغانستان کی سرزمین کو استعمال کر کے پاکستان میں دہشت گردی کی پشت پناہی کر رہی ہیں۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ اقوام متحدہ مانیٹرنگ ٹیم کی رپورٹ نے پاکستان کے موقف کی تائید کر دی ہے ،ای یو ڈس انفولیب کی حالیہ رپورٹ نے ہندوستان کو پوری طرح بے نقاب کر دیا ہے۔افغان امن عمل ایک نازک مرحلے میں داخل ہو چکا ہے جبکہ مشرقی سرحد پر بار بار لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں ،ہماری پوسٹس کو، جوانوں کو اور عام شہریوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے،اس وقت بھارت کا اصلی چہرہ دنیا کے سامنے آ چکا ہے،جوقوتیں ان حالات میں ملک میں انتشارپھیلارہی ہیں وہ پاکستان کے مفادت کاتحفظ نہیں کررہیں۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ مظفرآباد میں کھڑے ہو کر جلسوں میں یہ کہنا کہ کشمیر کا سودا کر دیا گیا ہے ،یہ کتنی غیر ذمہ دارانہ گفتگو ہے،پاکستان میں انتشار پھیلانے کافائدہ بھارت کو ہوگا،پی ڈی ایم پاکستان کےمفادات کوسامنے رکھے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے سپیکرکی سربراہی میں پی ڈی ایم سے کئی ملاقاتیں کیں،اپوزیشن جان بوجھ کراداروں اور شخصیات کو متنازع بناناچاہتی ہے،اگر اپوزیشن کے پاس شواہد ہیں تو سامنے لائے محض قیاس آرائیوں کی بنیاد پر اداروں کی تضحیک پاکستان کے بیانیے اور ملکی مفاد کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔