حوثی ملیشیا کا 24 گھنٹوں میں سعودی عرب پر دوسراڈرون حملہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)عرب اتحاد نے اتوار کو یمن سے حوثی ملیشیا کا سعودی عرب کی جانب چھوڑا گیا بارود سے لدا ایک ڈرون مار گرایا ہے۔ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں کا گذشتہ 24 گھنٹے میں یہ دوسرا ڈرون حملہ ہے۔
عرب اتحاد نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حوثیوں نے بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزی جاری رکھی ہوئی ہے اور وہ سعودی عرب میں شہری اہداف کو نشانہ بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔اس نے بیان میں مزید کہا ہے کہ ہم بین الاقوامی انسانی قانون کے مطابق خطرے کا موجب ذرائع سے نمٹنے کے لیے اقدامات کررہے ہیں۔
قبل ازیں عرب اتحاد نے ہفتے کی شب یمن سے سعودی عرب کی جانب داغا گیا حوثی ملیشیا کا ایک اور ڈرون تباہ کردیا تھا۔تاہم اس نے یہ نہیں بتایا تھا کہ یہ ڈرون کس علاقے میں تباہ کیا گیا تھا۔حوثی ملیشیا کی اس طرح کی کارروائیوں کے باوجود امریکا کی نئی بائیڈن انتظامیہ نے جمعہ کو یہ عندیہ دیا ہے کہ وہ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے یمنی حوثیوں کو ایک دہشت گرد گروپ قرار دینے کے فیصلے کو کالعدم قرار دے دے گی۔امریکا کے سابق وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے عہدے سے سبکدوش ہونے سے چندے قبل حوثی ملیشیا کو ایک دہشت گرد تنظیم قراردیا تھا۔