(24 نیوز)سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف بن عبدالعزیز السعود نے اپنے دورہ پاکستان کے دوران صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی ،وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ان ملاقاتوں میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان عوام کی سطح پر رابطے مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کیلئے پاکستان کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف بن عبدالعزیز السعود سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وزیراعظم عمران خان نے اسلامی اتحاد کو فروغ دینے میں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود کے قائدانہ کردار کی تعریف کی اور خطے اور دنیا میں امن و سلامتی کے لئے سعودی عرب کی کوششوں کا اعتراف کیا۔ وزیراعظم نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے سعودی عرب کی ترقی اور خوشحالی کے ویژن اور پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان پائیدار برادرانہ تعلقات کیلئے انکے گرانقدر کردار کو بھی سراہا۔ وزیراعظم نے خاص طور پر مشکل وقت میں پاکستان کی بھرپور حمایت پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان کو دی جانے والی حالیہ مالیاتی امداد پر بھی سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ سعودی عرب کے خلاف حوثی ملیشیا کے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لئے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے سعودی عرب کے وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف بن عبدالعزیز آل سعود نے ایوان صدر میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط اور متنوع بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ ایوان صدر کے میڈیا ونگ کے مطابق صدر مملکت نے سعودی وزیر داخلہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں برادر ممالک کے درمیان بہترین تعلقات ہیں جنہیں دونوں ممالک کے باہمی مفاد کیلئے مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔ سعودی عرب میں پاکستانی قیدیوں کی رہائی کے حوالے سے انہوں نے امید ظاہر کی کہ سعودی حکومت اپنی سزا پوری کرنے والے قیدیوں کی رہائی پر مثبت انداز میں غور کرے گی۔ صدر مملکت نے "روڈ ٹو مکہ" پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنے پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ حکومت پاکستان اس کی توسیع ملک کے دیگر شہروں تک کرنے کی منتظر ہے۔
سعودی وزیر داخلہ پرنس عبدالعزیز بن سعود بن نائف اپنا دورہ پاکستان مکمل کرکے وطن واپس چلے گئے۔وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے سعودی وزیر داخلہ کو نور خان ائیر بیس راولپنڈی سے رخصت کیا۔
یہ بھی پڑھیں: تبدیلی آ گئی۔۔گوگل کروم نے نیا لوگو متعارف کروا دیا