سعودی عرب کے دارالحکومت الریاض میں پولیس نے حال ہی میں گاڑیاں چرانے اور دکانوں میں نقب زنی کی وارداتیں کرنے والے 3 چوروں کوگرفتارکرلیاہے۔
الریاض میں پولیس فورس کے ترجمان نے سوموار کو ایک بیان میں بتایا ہے کہ ملزموں کے قبضے سے چوری شدہ رقوم اور26 گاڑیاں قبضے میں لے لی گئی ہیں لیکن انھوں نے ضبط شدہ رقوم کی مالیت نہیں بتائی ہے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ تینوں گرفتار چورسعودی شہری ہیں اور انھیں مزید قانونی کارروائی کے لیے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا ہے۔
سعودی عرب کی وزارت داخلہ کی جانب سے شائع کردہ تازہ دستیاب اعدادوشمار کے مطابق اسلامی سال1441 ہجری(بہ مطابق 2019/20) میں الریاض میں چوری کی 37,764 وارداتیں ریکارڈ کی گئی تھیں۔
اسی سال کے دوران میں الریاض میں ڈکیتی کی 2569 واردتیں ہوئی تھیں۔ ان وارداتوں کے دوران میں آتشیں اسلحہ یا دوسرے ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا تھا۔
پورے ملک میں مذکورہ سال کے دوران میں ایک لاکھ 18ہزار 840 چوری، نقب زنی اور 4808 ڈکیتی کی وارداتیں ریکارڈ کی گئی تھیں۔
مملکت کی جنرل اتھارٹی برائے شماریات کے فراہم کردہ اعدادوشمارکے مطابق 2017ء کی مردم شماری میں الریاض کی آبادی 82 لاکھ نفوس پرمشتمل تھی۔ ان میں 36 لاکھ تارکینِ وطن اور 46 لاکھ سعودی شہری تھے۔
یہ بھی پڑھیں: توبہ اتنی جہالت۔۔بیٹے کی خواہش۔۔جعلی پیر نے خاتون کےسرمیں کیل ٹھونک دی