(شاہین عتیق)اگر ماں اور باپ دونوں سرکاری ملازم ہوں اور دونوں فوت ہو جائیں تو ان دونوں کی پنشن بیوہ بیٹی،طلاق یافتہ یا نابالغ بچے وصول کر سکتے ہیں، سول کورٹ میں بیوہ نے سپریم کورٹ کا فیصلہ پیش کر دیا، عدالت نے پراسیکیوٹر کو بحث کیلئے نوٹس جاری کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق سول کورٹ میں گرین ٹاون کی رہائشی بیوہ خاتون سمعیہ نے دعویٰ دائر کیاہے،درخواست میں عرض گزار نے کہا کہ اس کے والدین محکمہ ہیلتھ میں سرکاری ملازم تھے۔ باپ کے مرنے کے بعد انکی پنشن ملتی تھی۔اب والدہ بھی فوت ہوچکی ہیں، لہذا دونوں کی پنشن دی جائے۔ عدالت میں وسیم راجپوت ایڈووکیٹ نے سول کورٹ میں سپریم کورٹ کے فیصلے کی کاپی پیش کی، کہ بیوہ بیٹی، طلاق یافتہ بیٹی یا نابالغ بچے جو دونوں کے زیرکفالت ہونگے، وہ دونوں کی پنشن وصول کرسکتے ہیں۔ عدالت نے گرین ٹاون کی سمیعہ بی بی کے دعوے پر سرکاری وکیل کو بحث کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کارروائی چار مارچ تک ملتوی کر دی۔
یہ بھی پڑھیں: سکولوں میں بڑی پابندی لگانے کا فیصلہ۔۔اپوزیشن نے معاملہ افسوسناک قرار دیدیا