پی ٹی آئی کے 43 اراکین اسمبلی کے استعفے منظور کرنے کا حکم معطل

Feb 08, 2023 | 09:49:AM

 (24 نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کی جانب سے 43 اراکین اسمبلی کے استعفے منظور کرنے کا حکم معطل کر دیا۔ عدالت نے 43 حلقوں میں ضمنی الیکشن تاحکم ثانی روک دئیے۔ لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔

لاہور ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی کے 43 اراکین قومی اسمبلی کے استعفوں کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ ریاض فتیانہ اپنے وکیل بریسٹر علی ظفر کے ہمراہ پیش ہوئے۔

وکیل علی ظفر نے عدالت میں موقف اپنایا کہ استفعے منظور کرنے کے لئے قانونی تقاضے پورے نہیں کئے گئے۔ جس پر جسٹس شاہد کریم نے استفسار کیا بتائیں کس قانونی تقاضے کو پورا نہیں کیا گیا ؟ وکیل علی ظفر نے استفعے منظور کرنے کے قانونی طریقہ کار بارے میں بتایا۔

درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ 43 اراکین نے 23 جنوری کو سپیکر کو استعفے واپس لینے کا لیٹر لکھ دیا تھا، سپیکر نے استعفے منظور کرنے سے قبل آئین کے تحت انکوائری نہیں کی۔

پی ٹی آئی درخواست میں مزید کہا گیا کہ مستفعی اراکین اسمبلی استفعی منظور کروانے کے لئے اسپیکر کے پاس پیش نہیں ہوئے، اراکین کو سنے بغیر سپیکر استعفے منظور نہیں کر سکتا، عدالت سے استدعا ہے کہ سپیکر اور الیکشن کمیشن کی جانب سے درخواست گزاروں کے استفعے منظور کرنے کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیا جائے۔

یاد رہے درخواست میں سپیکر قومی اسمبلی، الیکشن کمیشن اور وفاق کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں سپیکر کے 22 جنوری اور الیکشن کمیشن کے 25 جنوری کے نوٹیفکیشن چیلنج کئے گئے۔

مزیدخبریں