انتخابات کی تاریخ کا فوری اعلان کریں: صدر کا الیکشن کمیشن کو خط

Feb 08, 2023 | 13:23:PM
صدر مملکت عارف علوی نے پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں کے الیکشن کی تاریخ کے لیے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ دیا
کیپشن: صدر مملکت عارف علوی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) صدر مملکت عارف علوی نے پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں کے الیکشن کی تاریخ کے لیے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ دیا۔

صدر مملکت کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ انتخابات کی تاریخ کا فوری اعلان کریں، آئین تاخیر کی اجازت نہیں دیتا۔

عارف علوی کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن، الیکشن ایکٹ 2017 کے مطابق صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کی تاریخ کا فوری اعلان کرے، الیکشن کمیشن پنجاب اور خیبرپختونخوا کی صوبائی اسمبلیوں کے لیے انتخابی شیڈول جاری کرے۔

صدرمملکت کی جانب سے خط میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کی تاریخ کے اعلان سے صوبائی اور عام انتخابات سے متعلق قیاس آرائیوں کو ختم کیا جاسکےگا۔

خط میں صدر مملکت نے پنجاب اور خیبر پختونخوا کی صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئین کا آرٹیکل 224 دو اسمبلیاں توڑنے کے 90 دن کے اندر الیکشن کرانے پر زور دیتا ہے۔

صدر مملکت کا کہنا ہے کہ آئین کے مطابق انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کا بنیادی اور لازمی فرض ہے، آئین کا آرٹیکل 218 (3) الیکشن کمیشن کو شفاف اور آزادانہ انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کا فرض تفویض کرتا ہے، فرائض کی ادائیگی میں ناکامی کی صورت میں الیکشن کمیشن ہی کو آئین کی خلاف ورزی کا ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔