(24 نیوز)سابق وزیر اعظم و صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف نے لاہور میں حلقہ این اے 128 سے اپنا ووٹ کاسٹ کردیا۔
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 128 کے پولنگ اسٹیشن نمبر 82 پر اپنا ووٹ کاسٹ کرنے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کیلئے ووٹ ڈالیں گے تو ملک کی تقدیر بدلے گی۔
شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عوام نے نواز شریف کو موقع دیا تو سب مل کر ملک کی تقدیر بدلیں گے، نفرتیں دور کریں گے، ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے ہماری کارکردگی کو سراہا ہے تو اس سے پاکستان کا وقار بڑھا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام نے نواز شریف کو موقع دیا تو سب مل کر ملک کی تقدیر بدلیں گے، نفرتیں اور کدورتیں دور کریں گے،سکیورٹی انتظامات بہت مناسب ہیں,انہوں نے کہا کہ دعا ہے ایسی حکومت آئے جو محبت اور خیرسگالی کے پھول نچھاور کرے۔
صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بھی ووٹ کاسٹ کر دیا
اسلامی جمہوریہ پاکستان کے صدر، ڈاکٹر عارف علوی نے بھی اپنے ووٹ کا حق استعمال کر لیا,ڈاکٹر عارف علوی نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس کے اکاؤنٹ پر اپنی تازہ تصویریں شیئر کی ہیں۔
صدرِ مملکت نے اپنے فالوورز کو بتایا ہے کہ اُنہوں نے ووٹ ڈالنے کا فریضہ ادا کر لیا ہے,ڈاکٹر عارف علوی کا کیپشن میں لکھنا ہے کہ "اسلامی جمہوریہ پاکستان نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں نمائندے منتخب کرنے کے لیے آپ کے ووٹ کے ذریعے آپ سے ذاتی مشورہ طلب کیا ہے، اس لیے یہ آپ کی اسلامی، آئینی اور شہری ذمہ داری ہے۔"
ڈاکٹر عارف علوی کا مزید لکھنا ہے کہ ’ہم ایک خاندان کے طور پر اپنے پولنگ اسٹیشن پر پہنچے، لائن میں کھڑے ہو کر ووٹ دیا اور آپ سب سے درخواست کر رہے ہیں کہ باہر آئیں اور اپنا حق استعمال کریں، آج پاکستان کوآپ کی رائےکی اتنی ضرورت ہے جتنی پہلے کبھی نہیں تھی۔"
کراچی کے ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ مراد نے بھی اپنا ووٹ کاسٹ کردیا
سلمان عبداللہ مراد نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 231 اولڈ تھانہ ملیر کے پولنگ اسٹیشن میں ووٹ کاسٹ کیا۔
این اے 232 سے ایم کیو ایم امیدوار آسیہ اسحاق نے بھی قومی اور صوبائی اسمبلی کیلئے اپنا ووٹ کاسٹ کردیا ہے، آسیہ اسحاق نے آئی ایم اے سکول ماڈل کالونی میں قائم پولنگ اسٹیشن میں ووٹ کاسٹ کیا جبکہ پولنگ اسٹیشن پر پی ٹی آئی ، پیپلز پارٹی،جماعت اسلامی اور ٹی ایل پی کے پولنگ ایجنٹ ہی موجود نہیں۔
مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف
سیالکوٹ میں مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے اپنا ووٹ کاسٹ کر لیا،خواجہ محمد آصف نے حلقہ این اے 71 کے کینٹ ایف جی بوائز سکول میں ووٹ کاسٹ کیا،خواجہ آصف اپنی بھانجی سابق ایم این اے شزہ فاطمہ اور صاحبزادے کے ساتھ ووٹ کاسٹ کرنےآئے۔
پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید شاہ نے ووٹ کاسٹ کرلیا
پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید شاہ نے گورنمنٹ اسلامیہ کالج میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا اور نوابشاہ سے آصفہ بھٹو زرداری نے بھی اپنا ووٹ کاسٹ کرلیا، آصفہ بھٹو نے عذرا فضل پیچوہو کے ہمراہ ووٹ کاسٹ کیا۔
واضح رہے کہ عام انتخابات کے لیے پولنگ کے وقت کا آغاز ہوگیا ہے، پولنگ بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی،آج 12 کروڑ پچاسی لاکھ سے زائد ووٹر قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے 855 حلقوں میں امیدواروں کو چنیں گے۔
رتبہ ملکی تاریخ کے سب سے زیادہ 17 ہزار 816 امیدوار میدان میں ہیں، 882 خواتین امیدوار اور 4 خواجہ سرا بھی جنرل نشستوں پر الیکشن لڑ رہے ہیں، قومی اسمبلی کے لیے5121 امیدوار میدان میں اترے ہیں۔
پنجاب اسمبلی کے لیے 6710، خیبر پختونخوا اسمبلی کے لیے 1834، بلوچستان اسمبلی سے 1237 اور سندھ اسمبلی کے لیے 2878 امیدوار مقابلے میں ہیں۔
عام انتخابات کے لیے ملک بھر میں 90 ہزار 675 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں جس میں سے 27 ہزار 628 حساس اور 18 ہزار 437 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔