(مبشر حسن نقوی،وقاص عظیم، شہزاد خان ابدالی) ملک بھر میں انتخابات 2024 کے لیے ووٹنگ کا عمل جاری ہے، جبکہ معذور افراد بھی ووٹ کاسٹ کرنے کے لیے پولنگ سٹیشنز پہنچ گئے۔
تفصیلات کے مطابق شہری جوش و جذبے سے ووٹ کاسٹ کر رہے ہیں، سرچ انجن گوگل نے بھی اپنا ڈوڈل پاکستانی پرچم لگے بیلٹ باکس سے رنگ دیا ہے، بزرگ اور خصوصی افراد نے بھی جذبہ حب الوطنی سے سرشار ہوکر ووٹ ڈالنے کے لیے پولنگ اسٹیشنز کا رخ کیا ہے۔
ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 55 سالہ معذور شخص محمد شفیق ووٹ کاسٹ کرنے پہنچ گئے، محمد شفیق نےووٹ پاکستان کے نام کرتے ہوئے پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ووٹ قوم کی امانت ہے اس کو ضائع مت کریں، مخلص قیادت کا انتخاب کرنے کا موقع ہے۔معذور شخص محمد شفیق نے پولنگ اسٹیشن نمبر 7 ڈگری کالج میں ووٹ کاسٹ کیا۔
یہ بھی پڑھیں:سکھر: پریزائیڈنگ افسر ڈیوٹی چھوڑ کر چلے گئے
غازی آباد کے علاقے میں ویل چئیر پر اپنا حق رائے دہی استعمال کرنےآنے والی 55 سالہ فاطمہ عرشی کہتی ہے ماضی میں سیاستدانوں نے وعدے پورے نہیں کئے جسکے باعث عوامی مسائل حل نہیں ہوئے تاہم بہتر اور خوشحال پاکستان کیلئے ووٹ ہی راستہ ہے اسلئے چوتھی بار اپنا ووٹ استعمال کرنے آئی ہوں۔
پی پی 153 میں میاں امیرالدین پارک ،خواجہ احمد حسان روڈ پر پولنگ اسٹیشنز میں ٹرن آوٹ نہایت کم ہیں جہاں ایک 80 سالہ بزرگ ووٹر محمد قمر بھیم اپنا ووٹ کاسٹ کرنے پولنگ اسٹیشن پہنچے گئے اور اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔