موبائل و انٹر نیٹ بندش، شیری رحمان کی الیکشن کمیشن کو درخواست
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) عام انتخابات میں موبائل اور انٹرنیٹ سروسز کی بندش کیخلاف پی پی رہنما شیری رحمان نے صوبائی الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کردی۔
پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان صوبائی الیکشن کمیشن آفس پہنچیں جہاں انہوں نے لاہور میں انٹرنیٹ اور موبائل سروس کی بندش کے خلاف پٹیشن جمع کروائی ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شیری رحمان کا کہنا تھا کہ انتخابات کے دن انٹرنیٹ اور موبائل نیٹ ورکس کی بندش پر تشویش ہے، آج الیکشن کا دن ہے، آج موبائل اور انٹرنیٹ بند کرنا جمہوریت اور انتخابی عمل کی نفی کرے گا۔
مزید پڑھیں: سکھر: پریزائیڈنگ افسر ڈیوٹی چھوڑ کر چلے گئے
انہوں نے کہا کہ الیکشن کے دن پر رابطہ لازم ہوتا ہے، پارٹی اور اُمیدوار کو پولنگ ایجنٹس سے رابطہ رکھنا ہوتا ہے، پولنگ ایجنٹس اپنی شکایات ہم تک کیسے پہنچائیں گے؟ ہمارا کمیونیکیشن کا نظام انٹرنیٹ پر انحصار کرتا ہے۔
شیری رحمان کا مزید کہنا تھا کہ ہماری گزارش ہے الیکشن کمیشن فوری انٹرنیٹ سروس اور موبائل نیٹ ورک بحال کرے، پیپلز پارٹی کے وکلا اس معاملے پر عدالت میں بھی پٹیشن جمع کرائیں گے۔