پولنگ پر امن،کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہ دی جائے گی:وزیرداخلہ

Feb 08, 2024 | 15:58:PM

(24 نیوز)نگران وزیر داخلہ ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہ دی جائے گی، امید ہے ملک بھر میں انتخابات کا عمل پر امن طریقے سے مکمل ہو گا۔

وزیر داخلہ ڈاکٹر گوہر اعجاز نےوزارت داخلہ کے کنٹرول روم، سیف سٹی اسلام آباد اور پولنگ اسٹیشن کا دورہ کیا ،سیکریٹری داخلہ، چیف کمشنر اسلام آباد اور آئی جی اسلام آباد وزیر داخلہ کے ہمراہ تھے،کنٹرول روم آمد پر کورآڈینیٹر نیشنل ایکشن پلان نے وزیر داخلہ کو ملک میں عام انتخابات کے دوران سیکیوریٹی صورتحال کے حوالے سے بریفنگ دی۔

ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ ملک بھر میں پولنگ کا عمل خوش اسلوبی سے جاری ہے،فی الحال کوئی بڑا ناخوشگوار واقع پیش  نہیں آیا،ٹانک میں کویک ریسپانس فورس پر حملہ میں ایک جوان کی شہادت انتہائی افسوس ناک ہے،پولنگ کے عمل کی کڑی نگرانی جاری ہے،کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہ دی جائے گی۔امید ہے ملک بھر میں انتخابات کا عمل پر امن طریقے سے مکمل ہو گا۔

ضرور پڑھیں:عام انتخابات :پولنگ کا عمل جاری، موبائل اور انٹرنیٹ سروس معطل

مزید برآں وزیر داخلہ نے ڈاکٹر گڈ لک جوناتھن سربراہ کامن ویلتھ کے آبزرور مشن کے ہمراہ سیف سٹی اسلام آباد کا دورہ بھی کیا،آئی جی اسلام آباد نے شہر میں امن وامان اور پولنگ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی، آئی جی اسلام آباد کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں انتخابات کا عمل پر امن طریقے سے جاری ہے،فی الحال کو ئی شکایت موصول نہیں ہوئی۔

مزیدخبریں