(24 نیوز)محکمہ موسمیات نے خطرے کی گھنٹی بجا دی ،ملک بھر میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کا امکان،محکمہ موسمیات نے فروری تا اپریل کی سیزنل ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے گلگت بلتستان، کشمیر اور خیبر پختونخوا کے ملحقہ علاقوں میں درجہ حرارت معمول سےزیادہ ہونے کی پیش گوئی کی ہے ، رپورٹ کے مطابق معمول سے کم بارش خشک سالی سے متاثرہ علاقوں میں نمی کی کمی کو بڑھا سکتی ہے، ملک میں دن کے وقت درجہ حرارت میں مسلسل اضافہ متوقع ہے، محکمہ موسمیات نے مزید کہا ہے کہ فصلوں کی حفاظت کے لیے باقاعدہ آبپاشی کی ضرورت ہوگی۔
دوسری طرف سندھ اور پنجاب میں زیادہ درجہ حرارت ربیع کی فصل کے بڑھنے کا وقت کم کر سکتا ہے،مسلسل خشک موسم کے باعث بڑے شہروں اسلام آباد، راولپنڈی اور لاہور میں پولن سیزن جلد شروع ہونے کا امکان ہے،محکمہ موسمیات نے سیزن کے آخر میں ملک کے جنوبی علاقوں میں مختصر ہیٹ ویو کی وارننگ بھی دی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں آج موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا، مری، گلیات اور گرد و نواح میں سردی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے،کوئٹہ، زیارت، چاغی، نوشکی اور ژوب میں بارش و برفباری کی توقع ہے جبکہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں:رمضان المبارک کا کب سے آغاز ،ماہرین فلکیات کی پیش گوئی سامنے آگئی
چترال، دیر، سوات، کوہستان،کرم اور وزیرستان میں برفباری کی توقع ہے، گلگت بلتستان میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ آج آزادکشمیر میں سردی کی شدت برقرار رہے گی،محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کل بروز اتوار گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، شمال/مغربی بلوچستان، کشمیر، مری، گلیات اور خطہ پوٹھوہار میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے۔
کراچی میں محکمہ موسمیات نے درجہ حرارت بڑھنے کی پیشگوئی کر دی،شہر کا موجودہ پارہ 18، زیا دہ سے زیادہ 30ڈگری تک جا ئے گا،محکمہ مو سمیات کے مطابق شمال مشرق سمت سے 5 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا ئیں چلنے کا امکان ہے۔