شاہینوں کی ایک نہ چلی، کیویز نے پہلے میچ میں 78رنز سے شکست دیدی

Stay tuned with 24 News HD Android App

(24 نیوز)سہ ملکی سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 78 سے شکست دے دی،پاکستان 331 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 47 اورز میں 252 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے 50 اورز میں 6 وکٹوں پر 330 رنز بنائے تھے ،فخر زمان اور سلمان علی آغا کے علاوہ کوئی بھی پاکستانی بیٹر جم کر نہ کھیل سکا،فخر زمان 84 رنز کے ساتھ ٹاپ سکور رہے،سلمان علی آغا نے 40 رنز کی اینگز کھیلی،ابرار احمد 23 رنز بنا سکے،بابر اعظم 10 ، کامران غلام 18 ، محمد رضوان 3 اور خوشدل شاہ 15 رنز بنا سکے۔
قبل ازیں نیوزی لینڈ کی جانب سے فلپس نے ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے 106 رنز کی شاندار اینگز کھیلی،ڈیرل مچل نے 81 رنز کی اینگز کھیلی،پاکستان کی طرف سے شاہین آفریدی نے 88 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ،حارث روف آج بولنگ کے دوران فٹنس مسائل سے دوچار ہوگئے ، جو بیٹنگ کے لیے نہیں آئے۔
قبل ازیں، سہ فریقی سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نےپاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ میچ میں نیوزی لینڈ کا آغاز اچھا نہ رہا اور اس کی 39 رنز پر ہی 2 وکٹیں گر گئیں،ابتدائی جھٹکا ول ینگ کی صورت میں محض 4 رنز پر ہوا جبکہ اوپنر راچن رویندرا بھی 25 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور ابرار احمد نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دیکھائی۔
2وکٹیں گرنے کے بعد کین ولیمسن اور ڈیرل مچل نے ذمہ داری سے ٹیم کا سکور آگے بڑھایا تاہم 134 کے مجموعی سکور پر شاہین شاہ آفریدی نے کین ولیمسن کو 58 رنز پر آؤٹ کر دیا،ٹام لیتھم کو صفر پر حارث رؤف نے پویلین کی راہ دکھائی.
وکٹ کی دوسری جانب موجود ڈیرل مچل نے ٹیم کا اسکور بنانے کا سلسلہ جاری رکھا اور گلین فلپس کے ساتھ مل کر ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو بڑے اسکور کی جانب گامزن کیا۔
مچل 200 کے مجموعے پر 81 رنز بنا کر ابرار احمد کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے تو گلین فلپس اور مائیکل بریسویل نے ٹیم کا اسکور 254 تک پہنچایا جہاں شاہین نے 31 رنز بنانے والے بریسویل کی اننگز کا خاتمہ کرکے نیوزی لینڈ کو چھٹا نقصان پہنچایا۔
اس کے بعد نیوزی لینڈ کی کوئی وکٹ نہ گری اور ساتویں وکٹ پر گلین فلپس اور مچل سینٹنر نے صرف 26 گیندوں پر 76 رنز بناڈالے۔
گلین فلپس نے دھواں دار اننگز کھیلی، وہ 7 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 106 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ مچل سینٹنر نے صرف 8 رنز بنائے۔
یہاں دلچسپ بات یہ ہے کہ فلپس نے شاہین آفریدی کی طرف سے کروائے گئے اننگز کے آخری اوور میں 25 رنز سمیٹے۔
پاکستان کی طرف سے شاہین آفریدی نے 3، ابرار احمد نے 2 جبکہ حارث رؤف نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ ٹاس جیتتے تو پہلے بیٹنگ ہی کرتے،انہوں نے بتایا کہ بابر اعظم آج اننگ کا آغاز کریں گے۔
نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر نے کہا کہ وکٹ بیٹنگ کے لیے سازگار دکھائی دے رہی ہے اس لیے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔