(24نیوز) اداکار اوم پوری نے بالی وڈ میں اپنی بااثر اداکاری اور مکالموں کی ادائیگی سے تقریباً تین دہائیوں سے فلمی مداحوں کو اپنا دیوانہ بنایا ۔ لیکن کچھ ہی لوگوں کومعلوم ہے کہ وہ اداکار نہیں بلکہ ٹرین ڈرائیور بننا چاہتے تھے، 18 اکتوبر 1950 کو ریاست ہریانہ کے شہر انبالہ میں پیدا ہوئے، اوم پوری کا بچپن بہت پریشانی میں گزرا۔
تفصیلات کے مطابق اپنےخاندان کی کفالت کے لئے انہیں ایک ڈھابے میں نوکری تک کرنی پڑی تھی، لیکن کچھ دنوں کے بعد ڈھابے کے مالک نے ان پر چوری کا الزام لگا کر ہٹا دیا۔بچپن میں اوم پوری جس مکان میں رہتے تھے اس کے پیچھے ایک ریلوے یارڈ تھا۔رات کے وقت ریلوے یارڈ میں کھڑی کسی ٹرین میں سونے چلے جاتے تھے۔انہیں ٹرینوں سے کافی لگاؤ تھا اور وہ سوچا کرتے تھے کہ بڑے ہو کر وہ ریلوے ڈرائیور بنیں گے۔ اوم پوری پنجاب کے پٹیالہ شہر چلے آئے جہاں انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم مکمل کی اور اس دوران انکا رجحان اداکاری کی جانب ہو گیا اور وہ ڈراموں میں حصہ لینے لگے۔اسی دوران وہ ایک وکیل کے بطور منشی کام کرنے لگے۔
ڈراموں کے بعد انہوں نے فلموں کی طرف رخ کیا اور متعدد ملکی وغیر ملکی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ انکی بین الاقوامی فلموں میں سٹی آف جوائے، ایسٹ از ایسٹ، دی ہنڈرڈ فٹ جرنی، چارلی ولسنز وار اور بہت سی فلمیں شامل ہیں ، اوم پوری نے ہندی اور پنجابی فلموں میں بھی اداکاری کی ، ان کی مشہور فلموں میں گاندھی، مرچ مصالحہ، ماچس ، بجرنگی بھائی جان، ایکٹر ان لا، گھائل ، سنگھ از کنگ اور بہت سی فلمیں شامل ہیں۔ان کو بہترین اداکاری پر متعدد ایوارڈ زسے نواز گیا۔اداکار اوم پوری کا 6 جنوری 2017 کو انتقال ہوا۔
’’اوم پوری اداکار نہیں ٹرین ڈرائیور بننا چاہتے تھے ‘‘
Jan 08, 2021 | 10:16:AM