(24 نیوز)امریکا کے ایوان نمائندگان کی سپیکر نینسی پلوسی اور سینیٹ ڈیمو کریٹ لیڈر سمیت 100 سے زائد ارکان کانگریس نے ٹرمپ کو فوری عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کیپیٹل ہل پر حملے میں توڑ پھوڑ اور اسکے کے نتیجے میں ایک امریکی خاتون سمیت 4 افراد کی ہلاکت کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مدت صدارت خطرے میں پڑ چکی ہےاور اب صدر ٹرمپ کی برطرفی کا مطالبہ زور پکڑتا جا رہا ہے۔ امریکی ایوان نمائندگان کی سپیکر نینسی پلوسی نے 25 ویں آئینی ترمیم یا مواخذے کے ذریعے ٹرمپ کو ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے، 25 ویں آئینی ترمیم اس وقت استعمال کی جا سکتی ہے جب صدر نااہل اور عہدہ چھوڑنے پر راضی نہ ہو اور اس ترمیم میں اتنی طاقت ہےکہ وہ کسی بھی امریکی صدر کو زبردستی عہدے سے برطرف کرنے کا اختیار رکھتی ہے۔آئینی و قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ صدر کی کابینہ کی اکثریت 25 ویں ترمیم کے حق میں فیصلہ دیتی ہے۔ کابینہ کے فیصلے کی توثیق نائب صدر کردے تو موجودہ صدر برطرف ہو جاتا ہے۔