محمود آباد تجاوزات آپریشن، سندھ ہائیکورٹ کا حکم امتناع دینے سے انکار

Jan 08, 2021 | 11:31:AM

(24 نیوز)سندھ ہائی کورٹ میں محمود آباد تجاوزات آپریشن کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی ، عدالت نے تجاوزات آپریشن روکنے سے متعلق حکم امتناعی دینے سے انکار کردیا۔ 

تفصیلات کے مطابق محمود آباد کے مکینوں نے سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دی تھی کہ اینٹی انکروچمنٹ سیل و دیگر اداروں کو ہمارے گھر مسمار کرنے سے روکا جائے،  درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ سندھ ہائیکورٹ انکے گھروں کا معائنہ کرنے کیلئےناظر مقرر کرے، درخواست میں چیئرمین این ڈی ایم اے، چیف سیکرٹری سندھ ،کے ایم سی، میونسپل کمشنر اور کمشنر کراچی ڈویژن کو فریق بنایا گیا۔

  دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دیئے کہ نالوں پر قبضے سے شہر کا حلیہ بگڑ چکا ہے دیکھتے نہیں بارشوں میں شہر کی کیا حالت ہوتی ہے، کیا آپ نے سپریم کورٹ کا فیصلہ نہیں پڑھا، کیا ہمیں معلوم نہیں کے ایم سی کی لیز کس طرح ہوتی ہے، نالوں پر قبضے سے شہر کا حلیہ بگڑ چکا۔ اس موقع پر درخواست گزاران نے کہا کہ ہمارے گھر کے ایم سی سے لیز شدہ ہیں،متعلقہ حکام سپریم کورٹ فیصلے کی غلط تشریح کر رہے ہیں، برسوں سے لیز شدہ گھروں کو بھی گرایا جا رہا ہے، علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ ہمارے گھر لے آوٹ پلان کا باقاعدہ حصہ ہیں۔ عدالت نے تجاوزات آپریشن روکنے سے متعلق حکم امتناعی دینے سے انکار کردیا اور  آبزرویشن دی کہ اگر حکم امتناعی لینا ہے تو سپریم کورٹ جائیں، سپریم کورٹ کی ہدایت ہے، حکم امتناعی کیسے دے دیں۔

مزیدخبریں