(24 نیوز)برطانیہ میں کورونا وائرس کی دوسری قسم کے تیزی سے پھیلاؤ کے پیش نظر حفاظتی انتظامات کے تحت نافذ کئے جانے والے لاک ڈاؤن میں سیلونز وغیرہ بند ہیں لیکن اس دوران بالی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا کو وسطی لندن میں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دیکھا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں عالمی وبا کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سخت لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پریانکا چوپڑا لندن میں اپنی والدہ مدھو چوپڑا کے ہمراہ ایک ہیئر سیلون گئیں جہاں سیلیبرٹی سٹائلسٹ جوش ووڈ بھی موجود تھے۔جیسے ہی پولیس کو اس حوالے سے اطلاع ملی تو وہ سیلون پہنچ گئی اور انہوں نے سیلون کے مالک کو وارننگ دی کہ کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی نہ کی جائے, لیکن پولیس نے ہیئر سیلون پر جرمانہ عائد نہیں کیا۔
اداکارہ پریانکا چوپڑا کے ترجمان نے معاملے پر وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہےکہ حکومت کے ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے اداکارہ اپنی ایک فلم کی شوٹنگ کیلئے اپنے بالوں کو کلر کروانے سیلون آئی تھیں،انہوں نے کہا سیلون کو پرائیویٹ طور پر صرف فلم کی پروڈکشن کے لئے کھولا گیا تھا اور ایس او پیز پر مکمل عمل کیا گیا تھا۔ اس معاملے پر اداکارہ پریانکا چوپڑا نےبھی اپنابیان جاری کرتے ہوئے کہا ہےکہ برطانیہ میں فلم و ٹی وی شوٹ کی تیاری جاری رکھنے کی اجازت ہے اور جب ہم نے پولیس کو قانونی طور پر کاغذ دکھائے تو وہ اطمینان سےواپس روانہ ہو گئے'۔