(24 نیوز)نیب کا مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ آصف کے بے نامی بزنس پاٹنر طارق میر کو ڈھونڈ لینے کا دعویٰ۔طارق میرکو کمپنی کے50فیصد شیئرکا مالک ظاہر کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو(نیب) نے مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ آصف کے بے نامی دار ملازم طارق میر کو ڈھونڈ لینے کا انکشاف کیا ہے۔ احتساب بیورو ذرائع کا کہنا ہے کہ خواجہ آصف نے اپنے ملازم طارق میر کو اپنی کمپنی کا 50فیصد کا مالک بنا رکھا ہے۔ خواجہ آصف نے طارق میر کے نام پر2009میں کمپنی رجسٹرڈ کروائی، کمپنی کے بقیہ50فیصدشیئرز مسرت خواجہ کے نام پر ہیں۔
نیب ذرائع نے بتایا ہے کہ ایم ایس طارق میر کے اکائونٹ میں9 سال میں کروڑوں روپے جمع ہوئے۔اس حوالے سے ذرائع نے یہ بھی کہا کہ 2009سے2018تک کمپنی میں50کروڑ70لاکھ جمع ہوئے، یہ فرم لوکل مارکیٹ سے چاول خرید کر بیرون ممالک ایکسپورٹ کرتی تھی۔
ذرائع کے مطابق خواجہ آصف کے ملازم طارق میر کو ان کے روبروبٹھا کر تفتیش کی جائے گی، خواجہ آصف سے پوچھا جائے گا کہ اتنی بھاری رقوم کس نے اور کیوں جمع کروائیں، عدم تعاون کی صورت میں طارق میر کو گرفتار بھی کیا جاسکتا ہے، اس حوالے سے مزید اہم پیش رفت کا امکان ہے۔