”میں شرمندہ ہوں“،ندیم افضل چن شہدا کی لاشوں کی بے حرمتی پردل گرفتہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اوروزیراعظم کے ترجمان ندیم افضل چن شہدا کی لاشوں کے ساتھ ہزارہ برادری کے 6 روز سے جاری دھرنے پردل گرفتہ ہو گئے اورشہدا کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اپنے ٹوئٹ میں کہاہے کہ اے بے یار و مدد گار معصوم مزدوروں کی لاشو۔۔۔میں شرمندہ ہوں۔
اے بے یار و مدد گار معصوم مزدوروں کی لاشو۔۔۔میں شرمندہ ھوں
— Nadeem Afzal Chan (@NadeemAfzalChan) January 8, 2021
واضح رہے کہ سانحہ مچھ کے متاثرین کا غم کم نہ ہو سکا، کوئٹہ میں مچھ واقعہ کےخلاف ہزارہ برادری کا لاشوں کے ساتھ دھرنا چھٹے روز میں داخل ہو گیا، شہدا کمیٹی نے دھرنا ختم کرنے سے انکار کر دیا۔
گزشتہ روز ملک کے مختلف حصوں سے سیاسی قیادت دھرنے کے شرکا سے یکجہتی کےلئے پہنچی، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کراچی سے کوئٹہ پہنچے اور دھرنے میں شرکت کی، یوسف گیلانی اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی ان کے ساتھ تھے، بلاول بھٹو سمیت پی پی قیادت نے لواحقین سے تعزیت کی۔
مریم نواز کی قیادت میں نواز لیگ کا وفد بھی کوئٹہ دھرنے میں پہنچا۔ انہوں نے ہزارہ برادری کے رہنماؤں سے مچھ واقعہ پر تعزیت کا اظہار کیا، خواتین کو بھی دلاسہ دیا، احسن اقبال، پرویز رشید، مریم اورنگزیب، رانا ثنا اور دیگر رہنما بھی لیگی وفد میں شامل تھے۔ جے یو آئی کے رہنما عبدالغفور حیدری نے بھی دھرنے میں متاثرین سے اظہار یکجہتی کیا۔
ادھر کراچی میں بھی سانحہ مچھ سے اظہار یکجہتی کیلئے شہر کے 30 مقامات پر احتجاجی دھرنے جاری ہیں، دھرنوں کے باعث شہر کی مین شاہراہیں بلاک ہیں۔ گھروں سے نکلنے والے شہری سڑکوں پر رل گئے۔
شارع فیصل، یونیورسٹی روڈ، ایم اے جناح روڈ سمیت آئی آئی چندریگر روڈ سمیت دیگر پر ٹریفک معطل ہے۔ مرکزی دھرنا نمائش چورنگی پر جاری ہے جبکہ کورنگی، ناظم آباد، گلستان جوہر، سٹیل ٹاؤن، عائشہ منزل، سرجانی ٹاون، شاہ فیصل کالونی، ملیر، کورنگی انڈسٹریل ایریا سمیت تیس مقامات پر بھی چند مظاہرین نے سڑکیں بند کر رکھی ہیں۔
لاہور میں بھی مختلف مقامات پر سانحہ مچھ کے متاثرین سے اظہار یکجہتی کیلئے دھرنے دیئے گئے جس کی وجہ سے ٹریفک جام ہو گیا اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، دھرنے کے شرکا کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو سانحہ مچھ کے زخموں پر مرہم رکھنا چاہئے اور ان کا مطالبہ مان لینا چاہئے۔