وزیر اعظم جینیوا مشن پر روانہ

Jan 08, 2023 | 16:45:PM

(24 نیوز)جنیوا میں موسمیاتی طور پر مضبوط پاکستان کانفرنس کل بروز پیر 9 جنوری کو ہو رہی ہے، جس میں شرکت کیلئے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستانی وفد آج بروز اتوار 8 جنوری کو جنیوا روانہ ہوا۔

عالمی کانفرنس کے موقع پر وزیراعظم پاکستان کی عالمی رہنماؤں سے سائیڈ لائن ملاقاتیں بھی ہوں گی۔وفد میں وفاقی وزرا اور معاونین خصوصی سمیت دیگر حکام بھی شامل ہوں گے۔ وزیراعظم نے مختلف ممالک کے رہنماؤں سے رابطے کرکے کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی ہے۔

پاکستان مجموعی طور پر قطر، یو اے ای ، ملائیشیا ، ترکی ، کویت اور چین سمیت 40 سے زیادہ ممالک کو کانفرنس میں مدعو کر چکا ہے۔کانفرنس میں 6 سربراہان مملکت شرکت کی یقین دہانی کرا چکے ہیں، جب کہ 8 ممالک نے وزارتی وفود بھیجنے کا عندیہ دیا ہے۔

آئی ایم ایف ، عالمی بینک ، اسلامی ترقیاتی بینک ، یورپی ترقیاتی بینک ، اے ڈی بی اور یو این ترقیاتی پروگرام سمیت کئی بین الاقوامی مالیاتی ادارے بھی کانفرنس میں شریک ہوں گے۔کلائمیٹ ریزیلیئنٹ پاکستان کانفرنس کی مشترکہ میزبانی وزیراعظم شہباز شریف اور سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ اینتونیو گوتریس کریں گے۔ کانفرنس کے موقع پر وزیراعظم کی مختلف عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔

مزیدخبریں