(24 نیوز)اسرائیلی ڈرون طیاروں کی غزہ کے الاقصیٰ اسپتال پر بمباری، گولہ باری میں 2صحافیوں سمیت مزید 113فلسطینی شہید ہوگئے۔
مقبوضہ مشرقی بیت المقدس میں 3سالہ بچی رقیہ احمد کو ایک چیک پوائنٹ کے قریب فائرنگ کرکے شہید کیا گیا، مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کے فضائی حملے اور فائرنگ سے چار بھائیوں سمیت آٹھ فلسطینی شہید ہوئے، دو اسرائیلی بھی مارے گئے ، مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کے فضائی حملوں اور فائرنگ سے 8فلسطینی شہید ہوئے۔
رملہ کے شمال میں واقع ابوین نامی گاؤں میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک فلسطینی شہید ہوگیا ، اس سے قبل رملہ میں ایک اسرائیلی شہری کو گولی مار کر ہلاک کردیا گیا، خان یونس میں الجزیرہ کے بیورو چیف کے بڑے بیٹے حمزہ الدحدودح اور فرانسیسی صحافی مصطفیٰ ثوریا شہید ہوگئے۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق شہید فلسطینیوں کی مجموعی تعداد 23ہزار کے قریب پہنچ گئی ، 3ماہ کے دوران زخمیوں کی تعداد 58ہزار 416ہوگئی ، اسرائیلی پولیس کے مطابق جنین کیمپ پر حملے کے دوران ایک خاتون افسر کی گاڑی دھماکا خیز مواد سے ٹکراگئی ، حملے میں 3دیگر افسران زخمی بھی ہوئے۔ 7اکتوبر سے مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج اور شدت پسند یہودی آبادکاروں کے حملوں میں 329فلسطینی شہید ہوچکے۔