(ویب ڈیسک)نگران حکومت نے 12جنوری سے آئی فون قسطوں پر دینے کا فیصلہ کرلیا جبکہ 5 جی اگلے سال جولائی میں شروع کیا جائے گا اور 300میگا ہرٹز سپیکٹرم نیلامی کیلئے پیش کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق نگران وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن ڈاکٹر عمر سیف نےصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی وزارت ٹیلی کام کمپنیوں کے دیگر تمام سٹیک ہولڈرز کے تعاون سے 12جنوری 2024سے ایک اور اقدام شروع کرے گی جس کے تحت صارفین کو جدید ترین ماڈل فون آسان قسطوں پر ملیں گے، قسطوں پر آئی فون پیش کرنے کا منصوبہ بنایا ہے،ان کا مزید کہناتھاکہ قسط ادا کرنے میں ناکامی کی صورت میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے )ڈیوائس کی شناخت، رجسٹریشن اور بلاکنگ سسٹمز (ڈی آئی آر بی ایس )کی طرز پر ہینڈ سیٹ کو بلاک کر دے گی۔
یہ بھی پڑھیں: ڈالر کا ریٹ گر گیا
ایک سوال کے جواب میں نگران وفاقی وزیر نے کہا کہ اس کا مقصد ذمہ دارانہ مالیاتی رویے کی ترغیب دینا اور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ سمارٹ فون کی رسائی میں توسیع ہوتی رہے، اس پالیسی کے تحت ٹیلی کام کمپنیوں کو قسطوں کے منصوبوں کے ذریعے صارفین کو براہ راست اسمارٹ فونز پیش کرنے کا موقع ملے گا، اس طرح پاکستان میں خاص طور پر کم آمدنی والے طبقوں میں موبائل براڈ بینڈ کے فوائد کو وسعت ملے گی۔