شریا گھوشال  کا گانا 'جھوم' پر ری میک،علی ظفر کا ردعمل آگیا 

Jan 08, 2024 | 16:28:PM
پاکستانی گلوکار علی ظفر نے بھارتی گلوکارہ شریا گھوشال کی جانب سے کیے گئے گانے 'جھوم' کے ری میک کے اعلان پر اپنے ردِعمل کا اظہار کردیا۔     
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) پاکستانی گلوکار علی ظفر نے بھارتی گلوکارہ شریا گھوشال کی جانب سے کیے گئے گانے 'جھوم' کے ری میک کے اعلان پر اپنے ردِعمل کا اظہار کردیا۔     

پاکستان میں 13 سال سے دھوم مچانے والے علی ظفر کے گانے 'جھوم' نے گزشتہ سال بھارت میں بھی موسیقی کے متوالوں کو اپنا دیوانہ بنالیا اور اس کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے اس گانے کے بھارتی ورژن کا اعلان کردیا گیا۔

حال ہی میں شریا گھوشال نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ 'ایکس' پر ایک پوسٹ جاری کی جس میں علی ظفر کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ ' دل جھوم جھوم چلے جھوم چلے سوہنیا۔ میں ہمیشہ سے ہی علی ظفر اور ان کے گانے جھوم کی بہت بڑی فین رہی ہوں، یہ گانا میرے دل سے انتہائی قریب ہے'۔

انہوں نے مزید لکھا کہ ' اب آپ اس گانے کو فلم کراک میں میری اور گلوکار وشال مشرا کی آواز میں سن سکیں گے جس کے لیے میں بہت بے صبر ہوں۔ انتظار کریں'۔ شریا کے اس پوسٹ پر علی ظفر نے ردِ عمل دیتے ہوئے 'ایکس' پر لکھا کہ ' شکریہ آپ کے ان اچھے الفاظ کے لیے،  آپ ہمارے زمانے کی ایک آئیکونک اور متاثر کن گلوکارہ ہیں'۔

انہوں نے مزید لکھاکہ ' ایک ایسی کمپوزیشن جو میرے دل کے انتہائی قریب ہے میں بھی اس کو  آپ کی اور وشال مشرا کی آواز میں سننے کے لیے بے صبر ہورہا ہوں'۔

انہوں نے یہ بھی لکھا کہ 'مجھے پورا یقین ہیں کہ آپ دونوں گلوکار اس گانے کے ساتھ مکمل انصاف کریں گے۔ پیار اور دعائیں'۔

مزید پڑھیں:  جاوید اختر کو فلم" انیمل" پر تنقید کرنا مہنگا پڑگیا

خیال رہے کہ علی ظفر نے سال 2011 میں اپنی تیسری میوزک ایلبم 'جھوم' مداحوں کی خدمت میں پیش کی تھی جس میں 'جھوم' کے نام سے بھی ایک گانا شامل تھا۔ اگرچہ یہ گانا پاکستان میں ریلیز ہونے کے ساتھ ہی عوام کے پسندیدہ گانوں کی فہرست میں شامل رہا لیکن گزشتہ سال یہ گانا بھارت میں  انسٹاگرام رِیلز کے سبب مقبول ہوگیا۔بھارت کے بڑے بڑے فنکاروں نے اس گانے پر مختصر دورانیے پر مشتمل ویڈیو بنائی جس کو علی ظفر اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ری شیئر کرتے بھی دکھے۔