شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ، پاک فوج کا جوان شہید
Stay tuned with 24 News HD Android App
(احمد منصور) وزیرستان میں دہشتگردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں حوالدار محمد ظاہر شہید ہوگئے جبکہ ایک دہشتگرد زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز کے جوانوں نے دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا اور ایک دہشتگرد کو زخمی حالت میں گرفتار کیا۔
یہ بھی پڑھیے: مالاکنڈ،ضلعی انتظامیہ اور پاک فوج کی جانب سے امن جیپ، بائیک ریلی کا انعقاد
شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران حوالدار محمد ظاہر شہید ہوگئے، 41 سالہ شہید ضلع مردان کے رہائشی ہیں، جنہوں نے بہادری سے لڑنے کے بعد شہادت کو گلے لگا لیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں ممکنہ دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے آپریشن جاری ہے، افواج پاکستان ملک سے دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے پُرعزم ہے، ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہے۔