(ویب ڈیسک) بنگلا دیشی آل راؤنڈر شکیب الحسن نے رواں سال ہونے والے عام انتخابات میں حکمران جماعت کی جانب سے ماگورا حلقے ون سے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کر لی، تاہم پولنگ سٹیشن پرکھلاڑی نے تصویر بنوانے کی درخواست کر نے والے شہری کو تھپڑ جڑ دیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق انتخابات سے قبل انہوں نے مختلف سیاسی جلسے جلوس میں شرکت کی، اپنے سیاسی عزائم سے لوگوں کو آگاہ کیا، ملک کے مختلف حصوں میں سیاسی مہم بھی چلائی اور اس دوران جلسے جلوسوں میں کرکٹ کھیلتے بھی نظر آئے تاہم گزشتہ روز عوامی لیگ کے رہنما اور کھلاڑی نے جب پولنگ کی صورتحال کا جائزہ لینے کےلئے ایک پولنگ اسٹیشن کا رخ کیا تو ان کے مداحوں کی بڑی تعداد امڈ آئی۔
یہ بھی پڑھیں: سڈنی ٹیسٹ میں حسن علی کیوں آگ بگولہ ہوئے؟ وجہ سامنے آ گئی
مداحوں نے انہیں تصویر بنانے کے لیے گھیر لیا جس پر شکیب الحسن آگ بگولہ ہوگئے اور تصویر بنوانے کی درخواست کرتے شہری کو تھپڑ جڑ دیا۔
یاد رہے کہ ورلڈ کپ 2023 کے دوران انہوں نے تنقیدوں کا رخ اپنی جانب اس وقت کروالیا تھا جب سری لنکا کے بلے باز اینجیلو میتھیوس کو ”ٹائم آؤٹ “ کرنے کی اپیل کی تھی اور اینجیلو میتھیوس کی درخواست کے باوجود اپنی اپیل واپس لینے سے انکار کردیا تھا، واضح رہے یہ واقعہ بین الاقوامی کرکٹ کی 146 سالہ تاریخ میں پہلا واقعہ تھا جب کسی بولر نے ایمپائر سے ” ٹائم آؤٹ “ کی اپیل کی تھی۔