غزہ میں مزید 31 فلسطینی شہید،اسرائیل کی اقوام متحدہ کے قافلے پر بھی فائرنگ

صہیونی فورسز نے امدادی قافلے کو نشانہ بنایا، 16 گولیاں گاڑیوں کو لگیں، ترجمان سٹیفن دوجارک

Jan 08, 2025 | 09:49:AM
غزہ میں مزید 31 فلسطینی شہید،اسرائیل کی اقوام متحدہ کے قافلے پر بھی فائرنگ
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( 24 نیوز )غزہ میں اسرائیلی فورسز کی بے لگام بمباری سے گزشتہ روز مزید 31 فلسطینی شہید اور 57 زخمی ہو گئے۔

غزہ کے محکمہ صحت کے حکام نے بتایا کہ اسرائیل کے  ضلع خان یونس میں فضائی حملے میں  ایک درجن سے زائد فلسطینی شہید  ہوگئے جن میں 7 بچے بھی  شامل ہیں ۔

کم از کم5 حملوں میں خان یونس کے کچھ حصوں کو نشانہ بنایا گیا  جن میں ایک المواسی کا علاقہ بھی شامل ہے جہاں ہزاروں بے گھر فلسطینی ساحل کے ساتھ خیموں میں رہ رہے ہیں۔

عرب میڈیا الجزیرہ نے غزہ کی وزارت صحت کے حوالے سے بتایا ہے کہ 7 اکتوبر 2023 سے اب تک اسرائیلی جارحیت میں 45 ہزار 885 فلسطینی شہید اور سوا لاکھ کے قریب زخمی ہو چکے ہیں۔

مزید پڑھیں:غزہ جنگ بندی معاہدہ،حماس34اسرائیلیوں کورہا کرنےکیلئےتیار

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خوراک ورلڈ فوڈ پروگرام (ڈبلیو ایف پی)نے غزہ کی پٹی میں اپنے امدادی قافلے پر اسرائیلی فائرنگ کی مذمت کی ہے،سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفن دوجارک نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج نے تین گاڑیوں پر مشتمل قافلے پر فائرنگ کی، 16 گولیاں گاڑیوں کو لگیں۔

اقوام متحدہ کے ریلیف چیف ٹام فلیچر کا کہنا ہے کہ جنگ اور ورلڈ فوڈ پروگرام کے قافلے پر حملے کے پیش نظر مصائب زدہ اہلیان غزہ کو بچانے کی کوششوں کو سنگین خطرہ لاحق ہے،اسرائیلی فورسز نے مغربی کنارے میں غیرقانونی یہودی آباد میں تین اسرائیلیوں کو فائرنگ سے ہلاک کرنے والے دو فلسطینیوں کی تلاش کے لیے آپریشن شروع کر دیا۔

اسرائیلی فوج کے مطابق غزہ میں فلسطینی مزاحمت کاروں کے حملے میں اسرائیلی فوج کا 28 سالہ میجر ریواہ اور 24 سالہ کیپٹن شخنازی ہلاک ہو گئے ہیں۔ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے نیوز کانفرنس میں کہا ہے کہ امریکا نے صدر جو بائیڈن کے عہدہ چھوڑنے سے قبل غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے کو حتمی شکل دینے پر زور دیا ہے۔

دوسری جانب نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی ریڈیو ٹاک شو میں پھر دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ میرے اقتدار سنبھالنے تک یرغمالی رہا نہ ہوئے تو نتائج بھگتنا ہونگے۔