(مانیٹرنگ ڈیسک)عرب میڈیا کے مطابق جبل علی پورٹ کے نزدیک رات گئے ایک زور دار دھماکہ ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں دنیا کی سب سے بڑی بندر گاہ پرجبل علی پورٹ میں رات گئے زور دار دھماکہ ہوا ہے جس سے پورا دبئی ہل کر رہ گیا ۔ دبئی کے میڈیا دفتر نے ایک ٹویٹ دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھماکے سے جبل علی پورٹ پر لنگرانداز ایک جہاز پر لدے کنٹینرمیں آگ لگ گئی ہے،دھماکہ اتنا شدید تھا کہ جائے حادثہ کے 25 کلو میٹر کے ارد گرد کے علاقے میں موجود عمارتیں لرز کر رہ گئیں اور شیشے کی کھڑکیاں اور دروازے ٹوٹ گئے۔
دھماکہ سے قریبی عمارتوں کے شیشے اور دروازے ٹوٹ گئے ،ابتدائی اطلاعات کے مطابق ابھی تک دھماکے سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔حکام کے مطابق ابتدائی طور پر ابھی اس بابت بھی پتا نہیں چل سکا کہ جس جہاز میں دھماکہ ہوا ہے وہ کس ملک سے آیا تھا؟۔
دھماکے کےفوری بعدامدادی ٹیموں نےکارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا ہے جبکہ سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ دھماکہ کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی اور نہ ہی فوری طور پر دھماکے سے ہونے والے نقصان کے حوالے سے کوئی حتمی بات کہی جا سکتی ہے۔جبل علی پورٹ کی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ بندرگاہ پر کسی رکاوٹ اور تعطل کے بغیر جہازوں کی نقل و حرکت جاری رہے ۔
دبئی حکومت نے دھماکے کے فوری بعد حادثے کی تفصیلات میڈیا کو بتا دی ہیں تاکہ بے بنیاد افواہوں کے پھیلنے کی بجائے شہریوں کو حقیقت معلوم ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ دھماکے کی وجوہات جاننے کے لئے تحقیقاتی ٹیموں نے اپنی کارروائی شروع کردی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آج سےنویں کلاس کے سالانہ امتحانات کا آغاز