(24 نیوز) پنجاب بھر کے سرکاری کالجز کیلئے گزشتہ سال کی نسبت 1 لاکھ زائد داخلے کرنے کا ہدف مقرر جبکہ پنجاب بھر کے کالجز رواں سال 1 ملین داخلے مکمل کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب بھر کے سرکاری کالجز کو گزشتہ سال کئے جانیوالے داخلوں سے 1 لاکھ سے زائد داخلے کرنے کا ہدف دے دیا گیا ہے۔ ڈائریکٹوریٹ آف پبلک انسٹرکشن کالجز پنجاب نے کالجز کو اہداف دے دیئے ہیں۔ ڈی پی آئی کالجز کے ڈاکٹر عاشق کے مطابق پنجاب بھر کے کالجز رواں سال 1 ملین داخلے مکمل کریں گے۔
ڈاکٹر عاشق نے ہدایت کی کہ داخلوں کے اہداف مکمل کرنے کیلئے سہولیات کی کمی کو پورا کیا جائے، کسی جگہ کلاس رومز یا فرنچر کی کمی ہے تو اس کو تعلیمی سال شروع ہونے سے پہلے پورا کیا جائے۔ گذشتہ تعلیمی سال کے دوران پنجاب کے 780 کالجز میں 9 لاکھ طلبہ داخل ہوئے تھے۔
دوسری جانب گورنمنٹ کالج یونیورسٹی نے 15جولائی سے انڈرگریجویٹ پروگرامز میں داخلے کھولنے کا اعلان کردیا ہے۔ داخلہ فارمز آن لائن جمع کروائے جا سکیں گے، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اصغر زیدی کے مطابق جی سی یونیورسٹی نے رواں سال تمام 27 مضامین میں داخلوں کیلئے انٹری ٹیسٹ لینے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
نئی میرٹ پالیسی میں انٹری ٹیسٹ کے مارکس کا ویٹج 40 فیصد، انٹرویوز 20 فیصد، انٹرمیڈیٹ امتحانات نمبر کا 30 فیصد اور میٹرک کے نمبرز کا 10 فیصد ہوگا۔ تاہم کھیلوں، ہم نصابی سرگرمیوں اور معذور افراد کیلئے مخصوص نشستوں پر داخلے حاصل کرنیوالے طلباء داخلہ ٹیسٹ سے مستثنیٰ ہونگے۔
ریگولر اور سلف سپورٹ کے پروگرامز میں داخلہ فارم جمع کروانے کی آخری تاریخ 6 اگست ہے، پہلی مرتبہ سلف سپورٹ پروگرامز کے طلباء کو بھی وظائف، ہاسٹل اور ٹرانسپورٹ سہولیات فراہم کی جائیں گے۔ وائس چانسلر نے اعلان کیا کہ داخلہ کے عمل کو مکمل ڈیجیٹلائز کردیا گیا ہے، داخلہ فارمز اور تعلیمی دستاویزات کی فوٹو کاپیاں جمع کروانا ضروری نہیں ہوگا، توقع ہے کہ انڈرگریجویٹ کلاسز کا آغاز ستمبر 2021 میں ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں : پنجاب حکومت ڈی جی خان اور ایوان وزیر اعلیٰ میں نوکری کرنے والوں کو ڈی سی لگانے لگی