آئی ایم ایف پروگرام کامیابی کے ساتھ چل رہا ہے۔۔ گورنر سٹیٹ بینک

Jul 08, 2021 | 19:45:PM

(نیوزایجنسی) پاکستان واحد ملک نہیں ہے جہاں مرکزی بینک کے ایکٹ میں اس کی خودمختاری کےلئے ترامیم پیش کی گئی ہو ں اور ایسے ممالک جہاں مرکزی بینک آزادی اور خود مختاری سے کام کرتے ہیں وہ ترقی، روزگار اور افراط زر کے تناظر میں بہتر نتائج حاصل کرتے ہیں۔
ان خیالات کااظہار ڈاکٹر رضا باقر، گورنر سٹیٹ بینک نے امریکا کے ایوارڈ یافتہ میگزین ساﺅتھ ایشیاءکو ایک خصوصی انٹرویو میں کیا۔اپنے انٹرویو میں انہوں نے اسٹیٹ بینک کے کورونا وبا کے دوران پاکستان کی معاشی ترقی میں نمایا ں کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وبا کی وجہ سے پاکستان کو شدید دھچکا لگا لیکن حکومت اور ایس بی پی نے کورونا وبا کے دوران ملک کو منفی اثرات سے بچانے کےلئے موثر انداز میں کام کیا۔اسٹیٹ بینک کی خود مختاری کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر رضا باقر نے کہا کہ ایس بی پی ایکٹ میں مجموزہ ترامیم سے آزادنہ اور شفاف انداز میں قیمتوںمیں استحکام کے حصول کو یقینی بنایا جائے گا جو پاکستا ن کے معاشی استحکام اور پائیدار ترقی کا باعث بنے گا۔
 انہوں نے کہا کہ ایس بی پی کی مستقبل کی سمت ایک آزاد اور قابل بھروسہ مرکزی بینک ہونے میں ہے جس کا مقصدمعاشی ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر توجہ مرکوز کرنے کے ساتھ ساتھ افراط زر کو اپنے سالانہ اور وسط مدتی اہداف کے قریب تر برقرار رکھ کر عوام کے طویل المدت فائدہ کےلئے مالیاتی استحکام حاصل کرنا ہے ۔
پاکستان کے آئی ایم ایف کے ساتھ تعلقات اور قومی معیشت پر اس کے اثرات کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ چند سالوں میں معاشی چیلنجوں کا سامنا کیا ہے اگر اس تناظر میں دیکھا جائے تو اس وقت ملک کی جو پوزیشن ہے وہ اس با ت کی غماز ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام کامیابی کے ساتھ چل رہا ہے۔ اس کے علاوہ ڈھانچہ جاتی ایڈجسٹمنٹ اور اصلاحات کےلئے اٹھائے جانے والے اقدامات سے کورونا وبا کے چیلنجوں سے نمٹنے کےلئے مالی وسائل پیدا کیے ہیں۔
 ڈاکٹر رضا باقرکے مطابق پاکستانی حکام اور آئی ایم ایف کے درمیان ہمارے مشترکہ اہداف کے حصول کےلئے طریقہ کار پر کبھی کبھار اختلافات پیدا ہوتے ہیں۔ یہ ایک معمول کی بات ہے لیکن دونوں فریقین اختلافات کو دور کرکے آگے بڑھنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔واضح رہے کہ ایس بی پی کے گورنر ڈاکٹر رضا باقر کے انٹرویو کے علاوہ دیگر ممتازمصنفوں کے آرٹیکلز بھی ماہانہ ساﺅتھ ایشیا کے جولائی 2021 کے ایڈیشن (www.SouthAsia.com.pk) کی زینت بنے ہیں جو میگزین کی کور سٹوری کا حصہ ہے۔سید سلیم رضا، سابق ایس بی پی گورنر، اقبال حسن، سابق ایس بی پی ڈائریکٹر اور تجربہ کار بینکر، ظفر مسعود، صدر اور سی ای او بینک آف پنجاب اور عدیل ،آئی بی اے میں اسسٹنٹ پروفیسر آف اکنامک ان نمایاں مصنفوں میں شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں۔ وحشی درندوں کی کسان کی بیٹی سے اجتماعی زیادتی

مزیدخبریں