تحریک لبیک پاکستان کا فیصلہ کابینہ کرے گی۔۔شیخ رشید
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) وفاقی وزیر داخلہ رشید احمد نے کہاہے کہ طورخم بارڈر پر پھنسے پاکستانیوں کے لئے لائحہ عمل بنارہے ہیں ،تحریک لبیک پاکستان کا معاملہ رواں ہفتے کابینہ میں چلا جائے گا، اگر کابینہ انہیں کالعدم قرار دیتی ہے تو تنظیم کالعدم ہوجائے گی۔
جمعرات کو یہاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مقیم غیر ملکیوں کو ایلین کارڈ پر بینک اکاؤنٹ کھولنے، کاروبار کرنے، سسم کارڈ خریدنے اور سفری سہولتیں میسر ہوگی۔شیخ رشید نے کہا کہ وزارت داخلہ نے تمام غیرملکیوں کو رجسٹرڈ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اس وقت پاکستان میں 40 سے 50 ہزار غیر ملکیوںکا کوئی اتا پتہ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے حالیہ دنوں میں ایک افغان گروہ گرفتار کیا جو جعلی شناختی کارڈ بنانے میں ملوث تھا، ہماری کوشش ہے کہ جو صورتحال بن رہی ہے اس میں ہر غیرملکی کا اندراج ہو۔
وزیر داخلہ نے امید ظاہر کی کہ تحریک انصاف آزاد جموں و کشمیر میں حکومت بنائے گی اور وزیر اعظم عمران خان انتخابی مہم کے لئے وہاں جائیں گے میں بھی ان کے ساتھ جاﺅں گا اور ہم انتخابی نشان ’بلے‘ کے لئے مہم چلائیں گے۔انہوں نے بارڈر مینجمنٹ سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ چمن بارڈر کو یکم سے الیکٹرانک کر دیں گے جبکہ این سی او سی طورخم سرحد ان لوگوں کے لیے کھولی جارہی ہے جن کی ویکسی نیشن مکمل ہوچکی ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر سے ملاقات کرکے حکمت عملی پر تبادلہ خیال کروں گا تاکہ طورخم سرحد پر پھنسے 5 ہزار پاکستانیوں کی واپسی ممکن ہوسکے جو سعودی عرب جانا چاہتے تھے۔ شیخ رشید نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے متعلق سوال کے جواب میں طنزیہ کہا کہ بلاول دل کا جانی ہے، ان کے خلاف میں کوئی بات نہیں سن سکتا، اپوزیشن والے کشمیر میں کیا کریں گے کیونکہ عمران خان وہاں سے جیتیں گے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ انتخابات میں بھی عوام عمران خان کو ووٹ دیں گے لیکن اس کے لیے کارکردگی مزید بہتر کرنی ہوگی۔شیخ رشید نے کہا کہ بطور وزیر داخلہ کہنا چاہتا ہوں کہ پاکستان سے منشیات نہیں بلکہ باہر سے منشیات ملک میں آرہی ہے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے سے متعلق فیصلہ واپس نہ لینے تک بھارت کے ساتھ کسی بھی قسم کے مذاکرات نہیں ہوسکتے۔
یہ بھی پڑھیں۔ وحشی درندوں کی کسان کی بیٹی سے اجتماعی زیادتی