وزیراعلی حمزہ شہباز کا بڑا حکم

Jul 08, 2022 | 10:10:AM

(24 نیوز) وزیراعلی حمزہ شہباز نے ڈینگی کنٹرول مہم کی مانیٹرنگ کیلئے یونین کونسل کی سطح پر خصوصی کمیٹیاں بنانے کی ہدایت کر دی۔ انہوں نے مانیٹرنگ کمیٹیوں کی تشکیل کا عمل 24 گھنٹے میں مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔

 وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس ہوا، جس میں پنجاب کے ہر ضلع میں انسداد ڈینگی کیلئے جاری مہم کے حوالے سے متعلقہ محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔

صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق، چیف سیکرٹری، پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلی، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز، کمشنر لاہور ڈویژن و اعلی افسران بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ ماہرین نے بریفنگ میں بتایا کہ ڈینگی لاروا کو مکمل طورپر ختم کرنا ضروری ہے۔

 وزیراعلی حمزہ شہباز نے ڈینگی کنٹرول مہم کی مانیٹرنگ کیلئے یونین کونسل کی سطح پر خصوصی کمیٹیاں بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے مانیٹرنگ کمیٹیوں کی تشکیل کا عمل 24 گھنٹے میں مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔

یہ بھی پڑھیں:عید الاضحیٰ پر موسم کیسا رہے گا ؟ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کر دی

 اس موقع پر حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ ڈپٹی کمشنرز ڈینگی کنٹرول مہم کی مانیٹرنگ کے لئے خود فیلڈ میں نکلیں، ہر ضلع میں ہیلتھ افسر بھی مہم کی مانیٹرنگ کیلئے فیلڈ وزٹ کرے، کمشنرز تمام ڈپٹی کمشنرز، ضلعی ہیلتھ افسران اور متعلقہ حکام کی مانیٹرنگ کریں۔

 حمزہ شہباز نے کہا کہ انسداد ڈینگی کیلئے فیلڈ سرگرمیوں کا تمام ڈیٹا اپ ڈیٹ اور مستند ہونا چاہئے، یہ انسان کی زندگیوں کا معاملہ ہے، کارکردگی کو بہتر بنائیں، تمام محکمے ڈینگی کنٹرول کیلئے اپنا متعین کردار بھر پور طریقے سے ادا کریں۔

 وزیر اعلی حمزہ شہباز نے انسداد ڈینگی کے حوالے سے غیر تسلی بخش کارکردگی پر 4 اضلاع کے انتظامی افسران کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ انسداد ڈینگی مہم میں خامیوں کو فوری طور پر دور کیا جائے، غیر تسلی بخش کارکردگی پر ذمہ دار افسروں کے خلاف انضباطی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

مزیدخبریں