عمران خان کی تقریر پر الیکشن کمیشن کا ردعمل
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک )سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے تنقید پر الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کے غداری کے فتوں سے کوئی غدار نہیں بن جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے 7 جولائی کو سابق وزیراعظم عمران خان کی تقریر پر جوابی ردعمل دیا گیا ہے۔ای سی پی نے چیئرمین پی ٹی آئی کے الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ فتوے بانٹے سے کوئی غدار نہیں ہو جاتا۔ عمران خان کے الزامات پر الیکشن کمیشن اشتعال میں نہیں آئے گا۔
الیکشن کمیشن کا یہ بھی کہنا تھا کہ کسی دباؤ میں آئے بغیر آئین کے مطابق فیصلے کرتے رہیں گے۔ عمران خان نے الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر پر بے بنیاد الزامات لگائے، عمران خان کے الزامات کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ لاہور کے علاقے دھرم پورہ میں 7 جولائی کو جلسے سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے الیکشن کمیشن آف پاکستان پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہمارا مقابلہ محض اب ان چوروں سے نہیں بلکہ انتظامیہ اور الیکشن کمیشن سے بھی ہے۔ الیکشن کمیشن حمزہ کُکڑی کے ساتھ مل کر انہیں جتوانے کی کوشش کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان چوروں نے الیکشن کمیشن کے ساتھ مل کر ای وی ایم مشین بھی نہیں آنے دی۔ سندھ کے انتخابات میں بدترین دھاندلی ہوئی۔ 15 فیصد لوگ پولیس کے ڈر سے الیکشن میں کھڑے ہی نہیں ہوئے۔ ای وی ایم مشین بھارت میں بھی استعمال ہوتی ہے، اگر یہاں بھی اس کا استعمال ہو تو دھاندلی ختم ہوجائے۔