سیاستدانوں سے متعلق متنازع بیان ، اداکارہ کاجول کو وضاحت پیش کرنی پڑ گئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) بھارتی معروف اداکارہ کاجول نے سیاستدانوں سے متعلق دیے گئے اپنے بیان پر تنقید کے بعد وضاحت پیش کردی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ کاجول نے حال ہی میں اپنے ایک بیان میں بھارتی سیاستدانوں کے حوالے سے کہا تھا کہ "ہمارے ہاں ایسے سیاسی رہنما ہیں جن کا تعلیمی پس منظر نہیں ہے," جس کے بعد اداکارہ نےسماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر وضاحتی بیان جاری کردیا۔
کاجول نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ "میں صرف تعلیم اور اس کی اہمیت کے بارے میں بات کر رہی تھی، میرا مقصد کسی سیاسی لیڈر کو نیچا دکھانا نہیں تھا، ہمارے پاس کچھ عظیم لیڈرز ہیں جو ملک کو صحیح راستے پر گامزن کر رہے ہیں۔"
I was merely making a point about education and its importance. My intention was not to demean any political leaders, we have some great leaders who are guiding the country on the right path.
— Kajol (@itsKajolD) July 8, 2023
یادرہے کہ ایک انٹرویو میں، کاجول نے، جو اپنی آنے والی کورٹ روم ڈرامہ ویب سیریز "دی ٹرائل" کی تشہیر کر رہی تھیں، کہا کہ ہندوستان میں تبدیلی کی رفتار سست ہے کیونکہ لوگ روایات میں جکڑے ہوئے ہیں اور مناسب تعلیم کی کمی ہے۔
ملک میں خواتین کو بااختیار بنانے کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ "تبدیلی، خاص طور پر ہندوستان جیسے ملک میں، سست ہے, یہ بہت بہت سست ہے کیونکہ ہم اپنی روایات میں پھنسے ہوئے ہیں اور اپنی سوچ کے عمل میں دبے ہوئے ہیں اور یقیناً اس کا تعلق تعلیم سے ہے۔"
یہ بھی پڑھیں:مہوش حیات نے مسلمانوں کی بہتر عکاسی کیلئے یورپ میں پروڈکشن ہاؤس کھول لیا
کاجول کا مزید کہنا تھا کہ "آپ کے پاس ایسے سیاسی رہنما ہیں جن کا تعلیمی نظام کا پس منظر نہیں ہے، مجھے افسوس ہے لیکن مجھے مجبوراً یہ کہنا پڑ رہا ہے۔ مجھ پر ایسے سیاستدانوں کی حکمرانی ہے، جن میں سے بہت سے ایسے ہیں جن کا نقطہ نظر وہ نہیں ہے جو میرے خیال میں تعلیم یافتہ شخص کا ہوتا ہے، تعلیم آپ کو کم از کم ایک مختلف نقطہ نظر کو دیکھنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔"
خیال رہے کہ کاجول ویب سیریز "دی ٹرائل" میں نظر آئیں گی جو امریکی کورٹ روم ڈرامہ "دی گڈ وائف" سے اخذ کردہ ہے, یہ کاجول کی پہلی ویب سیریز ہے۔