محرم الحرام: قیام امن کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے:محسن نقوی

Jul 08, 2024 | 11:49:AM

(24نیوز)وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت وزارت داخلہ میں ملک بھر میں محرم الحرام کے دوران امن وامان کے قیام سے متعلق  اہم اجلاس،اجلاس میں تمام صوبوں، آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں  محرم الحرام کے سکیورٹی پلان کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

 اجلاس میں یکم محرم سے10 محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کی ڈرون کے استعمال پر پورے ملک میں  پابندی کا فیصلہ  کیا گیا جبکہ انٹرنیٹ یا موبائل فون کی بندش کا فیصلہ سکیورٹی خدشات کے تناظر میں متعلقہ  صوبوں کی مشاورت سے کیا جائے گا۔ 

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ  انٹرنیٹ یا موبائل فون کی بندش سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہےلہذااس ضمن میں زمینی حقائق اور سکیورٹی صورتحال کے مطابق فیصلہ کرنے کی ضرورت ہے۔ 

محسن نقوی نے کہا کہ وفاق، صوبوں، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں قیام امن کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے  گا،امن عامہ سے متعلق صوبوں ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی ضروریات  کو پورا  کیا جائے گا۔ جلوسوں و مجالس کی کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جائے۔

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ضابطہ اخلاق کی پابندی کرائی جائے،مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر عبادت گاہوں کی سکیورٹی پر بھرپور توجہ دی جائے ۔ 

 اس موقع پرپنجاب، خیبرپختونخوا، سندھ، بلوچستان، آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان اور اسلام آباد کے آئی جیز پولیس اور سیکرٹریز داخلہ نے محرم الحرام کے دوران امن عامہ کے پلان پر بریفنگ دی۔

وفاقی سیکرٹری داخلہ،وفاقی سیکرٹری مذہبی امور ، چیئرمین سی ڈی اے، آئی جی اسلام آباد پولیس، وزارت داخلہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

تمام صوبوں، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان کے چیف سیکرٹریز، آئی جیز پولیس ، سیکرٹریز داخلہ، فرنٹیئر کانسٹیبلری کے کمانڈنٹ، فرنٹیئر کور بلوچستان نارتھ۔، ساؤتھ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلی حکام نے وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

 اجلاس میں بارشوں کے پیش نظرجلوسوں اور مجالس کے لئے  پیشگی پلان تیارکرنے کا کرنے کی ہدایت جبکہ داخلی اور خارجی راستوں پرسخت چیکنگ کا حکم دیا گیا۔

مزیدخبریں