(24نیوز)وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت وزارت داخلہ میں ہونے والےاجلاس میں اوور بلنگ کے ایشو کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران ایف آئی اے حکام نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو اوور بلنگ پر بریفنگ دی۔
وفاقی سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل ڈی جی ایف آئی اے ہیڈکوارٹر ، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل ڈی جی ایف آئی اے نارتھ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی،ایف آئی اے کے تمام ڈائریکٹرز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔
اجلاس میں وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے پروٹیکٹیڈ صارفین کو نان پروٹیکٹیڈ کیٹگری میں شامل کرنے پر شدید تشویش کا اظہار کیا،وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے پروٹیکٹیڈ صارفین کو ریلیف دینے کیلئے تمام ڈسکوز کا ڈیٹا طلب کرلیا۔
محسن نقوی کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے کے تمام ڈائریکٹرز ڈسکوز کے ڈیٹا کو چیک کرکے رپورٹ پیش کریں،وزیرداخلہ نے 3 روز میں ایف آئی اے ڈائریکٹرز کو تمام شواہد جمع کرنے کا ٹاسک دے دیا،تمام شواہد کی جامع رپورٹ وزیراعظم کو پیش کی جائے گی۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے ایڈیشنل ڈی جی ایف آئی اے نارتھ کو پشاور، لاہور ، گوجرانوالہ اور فیصل آباد خود جاکر صورتحال کا جائزہ لینے اور ڈیٹا جمع کرنے کی ہدایت کی ہے۔
محسن نقوی کا کہنا ہے کہ پروٹیکٹیڈ صارفین سے زیادتی کا ازالہ کرنا ضروری ہے،ایک ایک شواہد کا جائزہ لے کر ذمہ داران کا تعین کیا جائے۔