صدر مملکت کا کچھی کینال منصوبہ ڈیڑھ سال میں مکمل کرنے پر زور
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اویس کیانی)صدرمملکت آصف زرداری نے کچھی کینال منصوبے کو ڈیڑھ سال میں مکمل کرنے پر زوردیتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت منصوبے کی ترجیحی بنیادوں پر بروقت تکمیل یقینی بنانے کیلئے فنڈز فراہم کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق صدر آصف علی زرداری کی زیرصدارت گرین پاکستان منصوبے سے متعلق اجلاس ہوا،اجلاس میں وزیر داخلہ محسن نقوی اور اعلیٰ عسکری حکام نے شرکت کی،صدر مملکت نے کچھی کینال منصوبے کو ڈیڑھ سال میں مکمل کرنے پر زوردیتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت منصوبے کی ترجیحی بنیادوں پر بروقت تکمیل یقینی بنانے کیلئے فنڈز فراہم کرے گی،کچھی کینال سے بلوچستان کی 713,000 ایکڑ اراضی سیراب ہوگی۔
اجلاس میں صدر مملکت کو گرین پاکستان منصوبے کیلئے چھ سٹریٹجک نہروں کی تعمیر بارے بریفنگ دی گئی،اجلاس میں بتایا گیا کہ گرین پاکستان منصوبے کیلئے چھ سٹریٹجک نہروں کی تعمیر کی جائے گی ،سٹریٹجک نہروں میں چشمہ رائٹ بینک ، کچھی ، رینی ، گریٹر تھل ، چولستان اور تھر کینال شامل ہیں،نہروں سے ملکی قابل کاشت رقبہ ، لائیو سٹاک اور ماہی گیری کی صلاحیت بڑھانے میں مدد ملے گی۔شرکا کو بریفنگ دی گئی کہ پانی کی دستیابی اور بہاؤ کے حوالے سے درست ڈیٹا شیئرنگ کیلئے 27 ٹیلی میٹری پوائنٹس قائم کئے جائیں گے۔
صدر مملکت نے گرین پاکستان منصوبے کیلئے سٹریٹجک نہروں پر کام شروع کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ پانی کا ضیاع روکنے کیلئے سٹریٹجک نہروں کی کنکریٹ لائننگ کی جائے ،آبی تحفظ، پانی کا ضیاع کم کرنے ، پانی کی دستیابی بڑھانے کیلئے پاکستان کے آبپاشی کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہوگا۔
صدر مملکت نے نہروں کے پاس کے بنجر علاقوں میں ڈرپ آبپاشی فروغ دینے کی ضرورت پر زوردیا،صدر مملکت نے انڈس ریور سسٹم اتھارٹی کی اصلاح اور بہتر بنانے پر زور دیتے ہوئے کہاکہ سرکاری اراضی کے پیداواری استعمال کیلئے عالمی مالیاتی اداروں اور سٹاک ایکسچینج سے فنڈنگ کے حصول کیلئے سٹیٹ لینڈ بینک قائم کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: افسوسناک خبر!مچھلیوں کے تالاب کے قریب کھیلتے 2معصوم ڈوب گئے