سلمان خان کی رہائش گاہ پر فائرنگ، لارنس بشنوئی اور گینگ کیخلاف چارج شیٹ جمع

Jul 08, 2024 | 22:24:PM

(24 نیوز) بالی ووڈ دبنگ سٹار سلمان خان کے گھر فائرنگ کے معاملے میں اہم پیش رفت سامنے آ گئی، ممبئی کرائم برانچ نے لارنس بشنوئی اور گینگ ارکان کے خلاف 1700 صفحات پر مشتمل چارج شیٹ جمع کرا دی۔

ممبئی کرائم برانچ نے آج مشہور گینگسٹر لارنس بشنوئی اور اس کی گینگ کے 6 ارکان کے خلاف 14 اپریل کو بھارتی شہر باندرہ میں بالی ووڈ اداکار سلمان خان کی رہائش گاہ کے باہر فائرنگ کرنے کے معاملے میں چارج شیٹ جمع کروا دی ہے، کرائم برانچ کے افسران کے مطابق انہوں نے 6 لوگوں کے خلاف 1700 صفحات پر مشتمل چارج شیٹ پیش کی ہے، ان 6 لوگوں میں ساگر پال، وکی گپتا، سونو کمار بشنوئی، ہرپال سنگھ عرف ہیری، محمد رفیق چودھری اور انوج تھاپن شامل ہیں، ملزمان کے خلاف مہاراشٹر کنٹرول آف آرگنائزڈ کرائم ایکٹ کی دفعات کے تحت چارج شیٹ جمع کروائی گئی، تھاپن نے مبینہ طور پر کرائم برانچ جیل میں خودکشی کر لی تھی، اس کیس میں درجنوں گواہوں کے بیانات بھی قلمبند کیے جا چکے ہیں۔

ممبئی کرائم برانچ کے ایک اہلکار کے مطابق اس کیس میں گینگسٹر لارنس بشنوئی، اس کے بھائی انمول بشنوئی اور گینگ کے اہم رکن روہت گودھرا کو ’مطلوب ملزم‘ کے طور پر ظاہر کیا گیا ہے۔

پولیس نے واقعات کی ترتیب کی تصدیق کے لیے 4 جون کو اداکار سلمان خان اور ان کے بھائی ارباز کے بیانات بھی ریکارڈ کیے ہیں اور ان کے بیانات کو چارج شیٹ میں شامل کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ 14 اپریل کی صبح اداکار کی باندرہ میں رہائش گاہ کے باہر 4 فائر کیے گئے، بعد ازاں ممبئی کرائم برانچ نے مختلف ریاستوں سے 6 لوگوں کو گرفتار کیا، کرائم برانچ کی انویسٹیگیشن کے مطابق یہ حملہ جیل میں بند گینگسٹر لارنس بشنوئی کے کہنے پر کیا گیا تھا جو ماضی میں بھی اداکار سلمان خان کو دھمکیاں دے چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: وہ پاکستانی اداکار جس کو شارخ خان نے فلم’ کبھی الوداع نہ کہنا‘میں نقل کیا

خیال رہے کہ گینگسٹر لارنس بشنوئی اس وقت جیل میں ہیں جبکہ ان کے چھوٹے بھائی انمول کے کینیڈا میں چھپے ہونے کی افوائیں ہیں، دوسری جانب لارنس بشنوئی کا دعویٰ ہے کہ وہ سلمان خان کو نشانہ بنا رہے تھے کیونکہ اداکار نے 1998 میں اپنی فلم ’ہم ساتھ ساتھ ہیں‘ کی شوٹنگ کے دوران راجستھان میں بشنوئی برادری کے ماننے والے کالے ہرن کا شکار کیا تھا۔

مزیدخبریں