(24 نیوز)نیشنل کالج آف آرٹس 146 برس بعد یونیورسٹی میں تبدیل، پرنسپل کی جگہ وائس چانسلر تعینات ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل کالج آف آرٹس کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کیلئے پارلیمنٹ میں نیا ایکٹ منظور کیا گیا ہے۔ این سی اے میں پرنسپل کا عہدہ ختم کر دیا گیا ہے ، اب وائس چانسلر تعینات کیا جائے گا۔ این سی اے میں بورڈ آف گورنرز، سنڈیکیٹ اور اکیڈمک کونسل کی تشکیل ہوگی، وائس چانسلر کو پانچ سال کی مدت کیلئے تعینات کیا جائے گا۔
وائس چانسلر کی تقرری کیلئے سرچ کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔بورڈ آف گورنرز سرچ کمیٹی تشکیل کرنے کا مجاز ہوگا، بورڈ آف گورنرز کی تشکیل کردہ سرچ کمیٹی وائس چانسلر کیلئے امیدواروں کا نام شارٹ لسٹ کرے گی، جسے بورڈ میں پیش کیا جائے گا۔
بورڈ کی منظوری کے بعد صدر پاکستان سے وائس چانسلر کی تقرری کی حتمی منظوری لی جائے گی۔ این سی اے میں اکیڈمک کونسل کی تشکیل ہوگی جو یونیورسٹی کے تمام تعلیمی امور کی نگرانی کرے گی۔
وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی اور چیئرمین ایچ ای سی بورڈ آف گورنرز کے ممبران ہوں گے۔ این سی اے کی سنڈیکیٹ کا چیئرمین وائس چانسلر ہوگاجبکہ یونیورسٹی کے تمام ڈینز اور تین اساتذہ بطور ممبر منتخب ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں:احد رضا میر کس کے عشق میں پاگل تھے خود ہی بتا دیا