(24نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودھر ی نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کے اندر امریکی اڈوں کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا،ریلوے کے نظام کو بہتر کرنا انتہائی ضروری ہے،ریلوے نظام کو بہتر کرنے کیلئے وقت درکار ہے، اسے پھونک مار کر ٹھیک نہیں کیا جاسکتا۔
منگل کو کابینہ اجلاس سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے فواد چودھری نے کہاکہ پاکستانی نژاد کینیڈین خاندان کے افراد کو بہیمانہ طریقے سے قتل کیا گیا،جو مسلمان ملکوں کو انتہا پسندی کا طعنہ دیتے تھے وہ اپنے اندر جھانکیں۔
انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان اسلاموفوبیا پر دنیا کی توجہ دلا چکے ہیں، وفاقی وزیر نے کہاکہ اسلاموفوبیا مغربی معاشرے میں سرایت کر چکا ہے،مغرب میں بڑھتے اسلاموفوبیا کے تدارک کیلئے اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہاکہ انتخابی اصلاحات کا بل قومی اسمبلی میں ہے،انتخابی اصلاحات کے معاملے پر اپوزیشن کی تجاویز کا انتظار ہے۔ انہوںنے کہاکہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کیلئے مسلم لیگ ن سنجیدہ نہیں۔وزیر اطلاعات نے کہاکہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق نہ دینے کی مسلم لیگ ن کے موقف کی مذمت کرتے ہیں،اوورسیز پاکستانیوں کی ترسیلات زر کی وجہ سے ملک معاشی طور پر مستحکم ہو رہا ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ 500الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کا آرڈر دینے جا رہے ہیں،پریس کلبز اور بار کونسلز کے انتخابات کیلئے الیکٹرانک ووٹنگ کی سہولت فراہم کرینگے۔ انہوںنے کہاکہ وزیر قانون نے فوجداری قوانین میں اصلاحات کے حوالے سے وزیراعظم کو بریف کیا،احساس دنیا کا تیسرا بڑا پروگرام ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہاکہ ایک کروڑ 70لاکھ افراد احساس پروگرام سے مستفید ہو رہے ہیں،احساس پروگرام کو مزید موثر بنانے کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔وزیر اطلاعات نے کہاکہ حکومتی کوششوں سے یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن خسارے سے باہر آ گیا ہے،موجودہ حکومت نے 60سے زائد اداروں کے سربراہ تعینات کیے۔وزیر اطلاعات نے کہاکہ حکومت نے تمام تعیناتیاں میرٹ پر کی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ طارق ملک کو نادرا کا چیئرمین تعینات کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ قومی ترانے کی ری ریکارڈنگ کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ تمام اڈے پاکستان کے اپنے استعمال میں ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ریلوے کے نظام کو بہتر کرنا انتہائی ضروری ہے،ریلوے نظام کو بہتر کرنے کیلئے وقت درکار ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ریلوے کے نظام کو بہتر کیا جانا ضروری ہے مسلم لیگ (ن) اتنے طویل عرصے اقتدار میں رہی مگر انہوں نے ریلوے ٹریکس پر کوئی کام نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) اداروں کو دیمک کی طرح تباہ و برباد کیا ہے، موجود حکومت کو ہر ادارے کو نئے سرے سے بنانا پڑ رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ ریلوے کیلئے ایم ایل ون کا منصوبہ اہم ہے ، ایم ایل ون منصوبہ مکمل ہونے پر ریلوے نظام بہتر ہو پائے گا۔ انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن )بچوں کی طرح آپس میں لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کیساتھ انتخابی اصلاحات پر بات کرنا چاہتے ہیں،پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کی سیاست بکھرتی جا رہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ سندھ کے لوگ پیپلز پارٹی کی طرز سیاست سے تنگ ہیں،دونوں جماعتوں کو اپنے طرز سیاست پر نظرثانی کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی وی کی درخواست پر کابینہ نے بھارتی کمپنیوں سے کاروبار کی اجازت نہیں دی ہے جس کی وجہ سے آئندہ ہونے والی پاکستان انگلینڈ کرکٹ سیریز ملک میں نہیں دکھا پائیں گے۔
وزیر اطلاعات نے کہاکہ جنوبی ایشیا میں کرکٹ نشر کرنے کے حقوق بھارتی کمپنیوں کے پاس ہے اور اس کے حل کے لیے ہم کوئی اور راستہ دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کرکٹ دیکھنا ضروری ہے اور اس کے لیے پوری منصوبہ بندی کی کوشش کریں گے، اگر اس کا ہمیں کوئی متبادل نہیں مل سکا تو پی سی بی کو بھی خسارے کا سامنا کرنا پڑےگا۔اپوزیشن سے مذاکرات کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوںنے کہاکہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی سے بات کرنا چاہتے ہیں اور پہلے وہ الیکٹورل ریفارمز پر دونوں جماعتوں سے اپنے نمائندے نامزد کریں تاکہ ہم ان سے بات کرسکیں۔ انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی جیسی بڑی پارٹی کو زرداریوں نے ایک صوبے کی قوم پرست جماعت بنارہے ہیں، دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کی سیاست صرف جی ٹی روڈ تک محدود رہ گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ان کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہیں تاہم احتساب پر ضد نہ کریں اس پر ہم بات نہیں کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں۔احد رضا میر کس کے عشق میں پاگل تھے خود ہی بتا دیا
پاکستان کے اندر امریکی اڈوں کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔۔وفاقی وزیر اطلاعات
Jun 08, 2021 | 20:06:PM