(24نیوز)ہائی کورٹ کے سابق جج جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کہا ہے کہ 2 سابق چیف جسٹس ثاقب نثار اور آصف سعید کھوسہ مجھے نکالنا چاہتے تھے، میں دسمبر 2015 سے پریشر میں ہوں۔
تفصیلات کے مطابق منگل کوسپریم کورٹ میں شوکت عزیز صدیقی کیس ی سماعت ہوئی۔جسٹس شوکت عزیز صدیقی کے وکیل حامد خان نے دلائل دئیے کہ سپریم جوڈیشل کونسل جج کے خلاف انکوائری کرنے کا اختیار رکھتی ہے جج کو فارغ نہیں کر سکتی، جسٹس صدیقی نے شوکاز نوٹس کا جواب دیا تھا جس میں کہا کہ اعلیٰ حکام ان کے گھر آئے اور آئی ایس آئی ہیڈکوارٹرز سمیت گرین بیلٹس سے تجاوزات ہٹانے کا حکم واپس لینے کا کہا، ادارے کے اعلیٰ افسر نے پاناما کیس پر بھی اثرانداز ہونے کی کوشش کی۔
جسٹس عمر عطا بندیال نے ان سے کہا کہ تعجب ہے کہ آپ سے ڈی جی آئی ایس آئی نے ایسی بات کی، آپ کو غصہ آئی ایس آئی پر تھا اور آپ نے تضحیک عدلیہ کی کی، آپ کو اپنے ادارے کے تحفظ کے لئے کام کرنا چاہئے تھا، ان اداروں کا سوچیں جو عدلیہ کے تحفظ کے لیے کام کرتے ہیں۔وکیل حامد خان نے کہاکہ بار بھی عدلیہ کی حفاظت کے لئے کام کرتی ہے۔جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیئے کہ معذرت کے ساتھ بار کی اپنی ایک پالیسی ہے جس کے تحت وہ کام کرتا ہے، مانتے ہیں کہ بار ججز کی معاونت کے لیے ہمیشہ موجود ہے، بار کی تنقید کی وجہ سے جسٹس اقبال حمید الرحمان نے استعفیٰ دیا، کیونکہ بار کئی بار جذباتی ہو جاتا ہے، مگر آپ کسی اور بات سے ناخوش اور پریشان تھے اور آپ نے اپنے ادارے اور چیف جسٹس کی تضحیک کر دی، آپ خود تسلیم کر رہے ہیں کہ آپ کی ڈی جی آئی ایس آئی سے ملاقاتیں ہوئیں، آپ دو بار ان سے ملے آپ کے ان سے تعلقات تھے۔
یہ سن کر جسٹس شوکت عزیز صدیقی نشست پر کھڑے ہو گئے اور جذباتی انداز میں کہاکہ میرے فوج میں کسی سے کوئی تعلقات نہیں ہیں، ہر طرح کے خطرات کے باوجود میں اپنے خاندان کے ساتھ اسلام آباد میں مقیم ہوں، میں نے تقریر پریشر کو کم کرنے کیلئے کی، بدقسمتی سے میں دسمبر 2015 سے پریشر میں ہوں، سابق چیف جسٹس ثاقب نثار اور جسٹس آصف سعید کھوسہ مجھے نکالنا چاہتے تھے۔جسٹس عمر عطا بندیال نے شوکت عزیز صدیقی سے کہا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ آپ ایک دیانتدار شخص ہیں، ہم آپ کی تقریر نہیں سننا چاہتے، آپ نے تو نام گنوانے شروع کر دئیے۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت دس جون تک ملتوی کردی۔
یہ بھی پڑھیں۔ انوشے اشرف کی نازیبا لباس پہن کر ٹی وی شو میں شر کت۔۔انٹر نیٹ پر نیا بھو نچال
جسٹس ثاقب نثار اور آصف سعید کھوسہ مجھے نکالنا چاہتے تھے۔۔شوکت عزیز صدیقی
Jun 08, 2021 | 21:10:PM