(ویب ڈیسک) نیپرا نے غریب عوام پر ایک مرتبہ پھر بجلی بم گرادیا ہے۔ نیپرا کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق بجلی کی فی یونٹ میں قیمت میں 7 روپے 91 پیسے کا اضافہ کردیا گیا ہے۔
نیپرا اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ آئندہ مالی سال کے لیے بجلی کی قیمتوں کا ٹیرف مقرر کردیا گیا ہے۔ اعلامیہ کے مطابق نیپرا نے نیشنل اوسط ٹیرف 24 روپے 82 پیسے فی یونٹ کا تعین کیا ہے۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ نیا ٹیرف گزشتہ ٹیرف سے 7 روپے 91 پیسے فی یونٹ زیادہ ہے۔
نیپرا کا تعین کردہ اوسط ٹیرف 16 روپے 91 پیسے فی یونٹ تھا۔ جسے اب 24 روپے 82 پیسے فی یونٹ کردیا گیا ہے۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ٹیرف بڑھنے کی بنیادی وجہ روپے کی قدر میں کمی اور کپیسٹی لاگت ہے۔ اس کی ایک وجہ عالمی مارکیٹ میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ بھی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:دعا زہرا کی والدین سے مختصر ملاقات کی اندرونی کہانی
نیپرا اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ توانائی کی خریداری کی قیمت 1152 ارب روپے متوقع ہے۔ اسی طرح کپیسٹی لاگت بشمول این ٹی ڈی سی اور ایچ وی ڈی سی 1366 ارب کا تخمینہ ہے۔
ڈسکوز کی کل ریونیو کا تخمینہ لگ بھگ 2805 ارب روپے متوقع ہے۔ اسی طرح 5 سال کی مدت کے لیے ڈسٹری بیوشن سسٹم میں 406 ارب کی سرمایہ کاری کی اجازت دی گئی ہے۔