پاؤنڈ چار سو روپے کا ہو گیا میں باہر جا کر کیسے گزارا کروں گا:عمران خان
شاہ محمود قریشی اپنے لوگوں کو جیلوں سے نکالنے کا فارمولا لے کر آئے تھے،عورتوں اور بچوں کے ساتھ ظلم ہو رہا ہے اسے عالمی فورم پر بھی اٹھائیں گے:پی ٹی آئی چیئرمین کی غیررسمی گفتگو
Stay tuned with 24 News HD Android App
(احتشام کیانی)پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پاؤنڈ چار سو روپے کا ہو گیا میں باہر جا کر کیسے گزارا کروں گا،ان کے اربوں ڈالرز باہر پڑے ہیں میرا باہر کچھ نہیں ۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کمرہ عدالت میں غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ شاہ محمود قریشی اپنے لوگوں کو جیلوں سے نکالنے کا فارمولا لے کر آئے تھے،عورتوں اور بچوں کے ساتھ ظلم ہو رہا ہے اسے عالمی فورم پر بھی اٹھائیں گے،ہر مہذب معاشرے میں شفاف تحقیقات ہوتی ہیں،ہمارے پاس شواہد ہیں کہ تمام واقعات کے پیچھے کون تھا؟9 مئی پر پرتشدد واقعات میں ملوث لوگوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔
جن لوگوں نے پرامن احتجاج کیا ان کو اٹھایا جا رہا ہے،جمہوریت میں آج تک کبھی مائنس نہیں ہوا،جمہوریت میں پبلک مائنس کرتی ہے،شاہ محمود سے کوئی تلخی نہیں ہوئی، یہ کس نے کہا کہ تلخی ہوئی،شاہ محمود سے کیسی میٹنگ ہونی تھی بیچارہ ایک ماہ جیل میں رہا،ہمارے لوگوں کے گھروں کو توڑا جا رہا ہے انہیں اٹھایا جا رہا ہے، انہوں نے تو مال بنایا ہوا ہے، ان کی تو جائیدادیں باہر ہیں ،چیئرمین تحریک انصاف پارٹی رہنماؤں کے چھوڑ کر نئی جماعت میں جانے سے متعلق سوال پر مسکرا دیے۔
عمران خان نے کہا کہ جو سیاستدان پارٹی چھوڑ کر نئی جماعت میں گئے انہیں گڈلک کہتا ہوں،پر امن احتجاج کرنا تو آئینی حق ہے،مسائل کا حل صرف شفاف انتخابات ہیں۔
ضرور پڑھیں :9 مئی جلاؤ،گھیراؤ،پورا منصوبہ بے نقاب
دوسری جانب خبر سامنے آئی ہے کہ گزشتہ روز شاہ محمودقریشی جب چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے آئے تو بہت فریش تھے اور میڈیا سے گفتگو کا کہہ کرگئے لیکن ملاقات سے واپسی پر شاہ محمود کا چہرہ اترا ہوا اور اعصاب تنے ہوئے تھے۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف نے ملاقات والےکمرے میں شاہ محمود قریشی سے ملاقات نہیں کی، ان کی اور چیئرمین پی ٹی آئی کی ملاقات ویڈیو ریکارڈنگ روم میں ہوئی۔ شاہ محمود نے ورکرزکو ریلیف دلوانےکےلیے پالیسی بنانے پر زوردیتے ہوئے کہا کہ ہزاروں ورکرز پکڑےگئے ہیں ان کےلیےکوششیں کرنی چاہئیں اور پارٹی کو دوبارہ سسٹم میں لانے کے لیے سخت فیصلے کرنے ہوں گے۔
ذرائع کا بتانا ہےکہ دونوں رہنماؤں نے کچھ دیر لان میں واک کے دوران بھی گفتگو کی لیکن چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد اب تک شاہ محمود کا موبائل فون مسلسل بند ہے۔